فتح جنگ حملہ: خودکش بمبار کی شناخت کیلئے نادرا سے کوئی مدد نہ مل سکی
اسلام آباد (ثناء نیوز) راولپنڈی اور فتح جنگ ریلوے جنکشن پر بدھ کے روز ہونے والے خود کش حملے میں پولیس کی ایک تفتیشی ٹیم کو حملہ آور کی شناخت کے سلسلے میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے کوئی مدد نہیں مل سکی۔ خودکش بمبار نے سکیورٹی اہلکاروں کی ایک گاڑی کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا دیا تھا، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے دو لیفٹیننٹ کرنل اور تین عام شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔ پولیس نے بمبار کی انگلیوں کے نشانات اور تصویر نادرا کو تصدیق کے لئے بھیجی تھی۔ ضلع اٹک کے پولیس آفیسر اسرار عباسی نے بتایا کہ مشتبہ حملہ آور کی نادرا کے ریکارڈ سے شناخت نہیں ہوسکی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ مشتبہ شخص وسطی ایشیا کی ریاستوں سے تعلق رکھتا تھا۔