لاہور چیمبر میں نادرا ڈیسک کے قیام کا فیصلہ
لاہور(نیوز رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں جلد ہی نادراڈیسک قائم کیا جائے گا جس سے ممبران کو ایک اہم سہولت میسر آئے گی۔ نادران ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر کاشف انور اور ڈائریکٹر جنرل نادرا بریگیڈیئر(ر) محمد جاوید اقبال خان کے درمیان نادرا آفس میں ہونے والی ملاقات کے موقع پر کیا گیا۔ ڈی جی نادرا نے لاہور چیمبر کے نائب صدر کو آگاہ کیا کہ نادرا عوام کو سہولیات دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے، لاہور چیمبر میں نادرا ڈیسک کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نادرا پہلے ہی بینکو سمیت بہت سے اداروں کے ساتھ نادرا سے متعلقہ دستاویزات کی تصدیق کے متعلق بات چیت کر رہا ہے ۔ جلد ہی نادرا کی ایک ٹیم لاہور چیمبر آف کامرس بھجوائی جائے گی جو ڈیسک کے جلد قیام کے لئے تفصیلی رپورٹ مرتب کرے گی۔