• news

ڈیوٹی چوری کے مقدمہ کی رنجش‘ پرنسپل آفیسر ڈرائی پورٹ مغلپورہ کو کسٹم ایجنٹ نے گوجرانوالہ پولیس کے ذریعے اٹھوا لیا‘ 10 گھنٹے بعد رہائی

لاہور(خبر نگار) ایک ارب 43کروڑ روپے کی ڈیوٹی چوری کا سراغ لگا کر پرچہ درج کرنیوالے ڈرائی پورٹ (مغلپورہ)لاہور کے پرنسپل آفیسر ملک عزیز الرحمن کو کلیرنگ انجیت شریف بھٹی اور اس کے بھائی بہنوں نے گوجرانوالہ کوٹ لدھا پولیس سے ساز باز کر کے 9سال پرانے قتل کے مقدمہ میں ایم اے او کالج لاہور کے سامنے سے گاڑی روک کر اٹھا لیا اور گوجرانوالہ لے گئے، 8گھنٹے تلاش کے بعد ملک عزیز الرحمن کا سراغ ملنے پر کلکٹر کسٹم زاہد کھوکھر اور دیگر افسران نے آئی جی خان بیگ کو معاملے کی سنگین نوعیت سے آگاہ کیا تو 10گھنٹے کے حبس بیجا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں سننے کے بعد ملک عزیز الرحمن کو تھانہ کوٹ لدھے سے رہائی ملی، واضح رہے کہ کسٹم کلیرنگ ایجنٹ شریف بھٹی ، اسکا بھائی سعید بھٹی اکرام الحق اور احتشام الحق  ٹن پلیٹ اور جی بی پلیٹ جس میں 20فیصد ڈیوٹی اور 17فیصد سیلز ٹیکس و دیگر ٹیکسز ہیں کو الیکٹریکل سلیکون سٹیل شیٹ کے نام پر کلیئر کراتے رہے جس پر ڈیوٹی صفر ہے ملک عزیز الرحمن نے ملزمان کی درآمد کردہ سٹیل شیٹ لیبارٹری ٹیسٹ کیلئے کراچی بھجوائیں تو ملزمان نے رپورٹ بدلوا دی پتہ لگنے پر لیبارٹری سے اصل رپورٹ لیکر ملک عزیز الرحمن نے ملزمان شریف بھٹی ، سعید بھٹی، احتشام الحق اور اکرام الحق، درآمد کنندگان انعام ٹریڈرز 9لنڈا بازار ، او ایس کارپوریشن سگیاں بائی پاس اور فہیم سٹیل 210لوہا مارکیٹ لنڈا بازار پر 3مقدمات درج کئے تھے ۔ دریں اثناء آئی جی کے حکم پر ملک عزیز الرحمن کو لاہور سے اٹھوا لیا۔ آئی جی پنجاب کے حکم پر ڈی پی او گوجرانوالہ نے انسپکٹر اور سب انسپکٹر تھانہ کوٹ لدھے کو معطل کر دیا چیئر مین ایف بی آر کو بھی معاملے سے آگاہ کر دیا گیا جو وزیر اعلیٰ کو آگاہ کریں گے۔ فنڈالی ایونیو الائٹس کسٹم لاہور کے عہدیداران نے واقعہ پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ 72گھنٹے میں اصل ملزم گرفتار نہ ہوئے تو منگل سے لاہور میں کسٹم کے تمام دفاتر میں ہڑتال کی جائے گی، فیڈرل ایونیو الائٹس کسٹم لاہور کے صدر امیر حیدر ، جنرل سیکرٹری محمود سعید، سینئر نائب صدر صدیق اعوان نے کہا وزیر اعلیٰ نوٹس لیں۔

ای پیپر-دی نیشن