• news

2006ء کے معاہدے کی توثیق‘ شمالی وزیرستان سمیت ملک میں امن کیلئے کردار ادا کرینگے: گرینڈ جرگہ

پشاور (اے پی اے+ نوائے وقت رپورٹ)  پشاور میں ہونیوالے گرینڈ جرگہ کے مشترکہ اعلامیہ  میں کہا گیا ہے کہ اتمانزئی قبائل حکومت کے ساتھ 2006ء  کے امن معاہدے کی توثیق کرتے ہیں اور فریقین سے امن معاہدہ برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہیں۔ ارکان نے اس عزم کو بھی دہرایا کہ جرگہ پاکستان میں بالعموم اور شمالی وزیرستان میں بالخصوص امن کیلئے اپنا کردار ادا کریگا۔ طالبان اور وزیرستان شوریٰ نے جرگے پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ارکان حکومت سے بھی جرگہ پر مکمل اعتماد کا مطالبہ کرتے ہیں۔ جرگے نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شمالی وزیرستان میں کرفیو میں نرمی کی جائے، غیر اعلانیہ آپریشن اور بمباری بند کی جائے، جن نئے مقامات پر فوج تعینات کی گئی ہے وہاں سے فوج واپس بلا لی جائے، فوج غیر اعلانیہ پیشقدمی نہ کرے اور صبر کا مظاہرہ کرے۔ ادھر ممبر امن جرگہ  مولانا گل رمضان نے کہا ہے کہ  مقامی طالبان  گروپ کو حکومتی رٹ تسلیم کرنا ہوگی۔ پرامن رہنے والے غیرملکی وزیرستان میں ہی رہیں گے۔ سربراہ گرینڈ قبائلی جرگہ کے جانشین حاجی شیر محمد خان نے کہا ہے ہم پاکستانی سکیورٹی اداروں کے ساتھ ہیں، وزیرستان اور پاکستان ہماری اپنی سرزمین ہے ، طالبان بھی اپنے لوگ ہیں انہیں ہم امن پر امادہ کرسکتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا اگر پاکستان اور وزیرستان میں قیام امن کیلئے ہماری کوششوں پر کوئی ناراض ہوتا ہے تو پروا نہیں۔ ہم پاکستان سکیورٹی اداروں کے ساتھ ہیں لیکن طالبان بھی ہمارے اپنے لوگ ہیں، حکومت اور طالبان کی رابطہ کمیٹیوں نے قیام امن کیلئے بہت کام کیا ہے، کہا جاتا ہے کہ کوئی تیسری قوت امن نہیں چاہتی، کمانڈر اور گورنر کے ساتھ ملاقات میں بعض مسائل حل طلب رہ گئے ان کو حل کریں گے ۔

ای پیپر-دی نیشن