ملکی سلامتی کیلئے دفاعی ساز و سامان کی خریداری کا عمل تیز تر کرینگے: بھارتی وزیر دفاع
بمبئی (اے ایف پی) بھارتی وزیر دفاع ارون جیٹلی نے کہا ہے کہ بھارتی فوج جو کہ دنیا کی اسلحہ کی سب کی سب بڑی خریدار ہے، وہ ملکی سلامتی کی خاطر دفاعی ساز و سامان کی خریداری کا عمل تیز کریگی۔ انکا یہ پالیسی بیان مودی حکومت کی حلف برداری کے بعد سامنے آیا ہے۔ واضح رہے کہ منموہن سنگھ کے دور حکومت میں کئی سکینڈل بھی سامنے آئے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا بی جے پی نے ہمیشہ قومی سلامتی کے معاملے کو ترجیح دی ہے۔ بھارت کو مزید اسلحہ کی بڑی تیزرفتاری کے ساتھ ضرورت ہے اور خریداری کا یہ عمل تیز تر کرنے کیلئے میکنزم اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قومی سلامتی کیلئے کمیٹڈ ہے اور اسلحہ کی خریداری میں سرخ فیتہ کے کردار کو ختم کیا جائیگا۔ اسلحہ کی خریداری کے تمام وسائل مہیا کیے جائیں گے۔ انہوں نے یہ باتیں 2 کوسٹ گارڈ جہازوں کو بحریہ میں شامل کرنے کی تقریب کے موقع پر کہی۔ ملک کو ابھی بہت سے اسلحہ کی خریداری کی ضرورت ہے اس میں لڑاکا طیارے، لڑاکا ہیلی کاپٹر، توپخانہ، ڈرون طیارے اور الیکٹرانک وار فیئر شامل ہے۔