• news

پاکستان کی ہر کشمیر پالیسی کی حمایت کریں گے: نائب صدر ترک حکمران پارٹی

انقرہ (آن لائن ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل عبدالرشید ترابی نے ترکی کی حکمران جماعت جسٹس اینڈ ڈیلپمنٹ پارٹی (حق) کے نائب صدر ڈاکٹر نعمان کُرتلمس سے اہم ملاقات کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ دنیا میں قیام امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا ضروری ہے ۔ہندوستان کی 8 لاکھ فوج مقبوضہ جموں وکشمیر میں مظالم کی انتہا کر رہی ہے بچوں، خواتین اور بوڑھوں پر تشدد کیا جا رہا ہے، اس کا قتل عام کیا جا رہا ہے ،ہزاروں لوگوں کو جیلوں میں بند کر دیا گیا ہے۔ نریندر مودی کا ایجنڈا نہ صرف کشمیریوں اور پاکستان بلکہ پوری امت کے خلاف ہے۔ طیب رجب اردگان عالمی شخصیت ہیں وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے فعال کردار ادا کریں۔ اس موقع پر ترکی کی حکمران جماعت جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر نعمان نے کہا کہ ترکی کے عوام اور قیادت نے ہمیشہ مسئلہ پر آواز اٹھائی ہے ہم اس کو اپنا مسئلہ سمجھتے ہیں اس حوالے سے حکومت پاکستان جو بھی پالیسی بنائے گی ترکی اس کی بھرپور حمایت کرے گا، انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا اقوام متحدہ اور او آئی سی کے لیے لمحہ فکریہ ہے اقوام متحدہ میں فلسیطین کے بعد کشمیر حل طلب مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں کیونکہ کشمیری اپنے جائز حق حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں جو قومیں اپنے جائز حق کے لیے قربانی دیتی ہیں جدوجہد کرتی ہیں وہ کبھی ناکام نہیں ہوتیں،کشمیریوں کو بھی کامیابی ملے گی یہ تاریخ کا سبق ہے،انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے اسلامی ممالک کے داخلی مسائل ہیں اور ترکی ان کو دور کرنے کی کوشش کر رہا ہے،انشاء اللہ تمام مسلمان مل کر اپنے داخلی مسائل بھی حل کریں گے اورآزادی کے لیے جدوجہد کرنے والوں کی مدد بھی کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن