• news

الطاف حسین کواپنے جرائم کی قیمت ادا کرنا پڑے گی:جارج گیلووے

لندن(ثناء نیوز)برطانوی رکن پارلیمنٹ جارج گیلووے نے کہا ہے کہ الطاف حسین کو جرائم کی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔ مغربی نشریاتی ادارے سے انٹرویو میں گیلووے نے کہا کہ کہ الطاف حسین کراچی کے گاڈ فادر ہیں اور وہ لندن میں بیٹھ کر اپنے ملک میں دہشت گردانہ کارروائیوں کو ہوا دے رہے ہیں ۔ گیلووے الطاف حسین کو گرفتار کرنے کے حق میں کافی عرصے سے مہم چلا رہے تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے متحدہ کے قائد کے خلاف مقدمہ شروع کرنے کے حوالے سے ایک فنڈ بھی قائم کیا تھا۔ اس سوال کے جواب میں کہ الطاف حسین کی گرفتاری کی خبر سن کر ان کا پہلا ردعمل کیا تھا ؟ گیلووے نے کہا، میں یہ سن کر خوش ہوا اور ساتھ ہی مجھے کراچی کے خوفزدہ عوام سے ہمدردی بھی ہوئی۔ ان کے بقول وہ ایک طویل عرصے سے لندن میں الطاف حسین کی سرگرمیوں کے بارے میں اپنے خدشات کا اظہار کرتے رہے ہیں اور انہوں نے ان خدشات سے دوسرے ارکان کو بھی آگاہ کیا تھا، جارج گیلووے کے بقول ان کے خلاف کافی ثبوت موجود  ہیں۔ انہوں نے جب بھی ٹیلیفون کے ذریعے لندن سے کراچی خطاب کیا، اپنے خلاف کوئی نہ کوئی ثبوت ضرور چھوڑا۔ گیلووے نے مزید کہا کہ الطاف حسین نے اپنی تقاریر میں تشدد کی بات کی اور مخالفین کو کھلے عام دھمکیاں دیں، میری خواہش تھی کہ برطانوی حکام کو انہیں پہلے ہی گرفتار کر لینا چاہیے تھا۔الطاف حسین پر منی لانڈرنگ سے بڑے الزامات عائد ہیں جیسا کہ اپنے ساتھی عمران فاروق کا قتل۔ کیا انہیں ان الزامات میں گرفتار نہیں کیا جانا چاہیے تھا؟ آپ نے الطاف حسین کی گرفتاری میں کیا کردار ادا کیا ہے؟ جارج گیلووے کے بقول، گزشتہ برسوں کے دوران میری وجہ سے سیاسی دبائو میں اضافہ ہوا ہے ۔ میری کوششوں کی وجہ سے ایک ایسا ماحول بنا جس میں حکام کارروائی کرنے پر مجبور ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن