• news

ٹریفک حادثات میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد سمیت 30 جاں بحق

کوٹ مومن+ چکوال+ سرگودھا+ سکھر+ مانسہرہ (نامہ نگاران+ ایجنسیاں) کوٹ مومن، چکوال، سکھر، مانسہرہ اور نوشیروفیروز میں ٹریفک حادثات کے دوران ایک ہی خاندان کے 5 افراد سمیت 30 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ مومن انٹرچینج کے قریب اسلام آباد سے لاہور جانیوالا ڈبل کیبن گاڑی تیز رفتاری کے باعث ٹائر پھٹ جانے سے ٹرالر سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ عامر شکور اپنے اہلخانہ کے ہمراہ اسلام آباد سے لاہور جا رہا تھا جب انکی گاڑی سرگودھا کے قریب کوٹ مومن انٹرچینج پر پہنچی تو انکی گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا جس سے گاڑی تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر ٹرالر سے جا ٹکرائی۔ اس حادثہ کے نتیجہ میں عامر شکور‘ باسط علی‘ عاصمہ بی بی‘ آصفہ شکور اور بچی اریفاء بی بی موقع پر ہی دم توڑ گئیں جبکہ دو بچے جن میں اڑھائی سالہ فیاض اور 5 سالہ ایمن بی بی شامل ہیں انہیں شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ مرنے والے پانچوں افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا گیا ہے اور یہ لاہور کے رہائشی ہیں۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ نعشوں کو باڈی کاٹ کر باہر نکالا گیا۔ ادھر چکوال تلہ کنگ روڈ پردھرابی پل کے قریب ہائی ایس اور کار میں تصادم کے بعد سلنڈر پھٹنے سے ہائی ایس میں آگ لگ گئی جس کے باعث دو خواتین اور دو بچوں سمیت چار افراد جاںبحق جبکہ  8 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ ویگن نمبر 5850 تلہ گنگ سے چکوال کیلئے روانہ ہوئی تو موضع دھرابی پل کے قریب خونی موڑ پر مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار کار نمبری 3750 نے اُس کو ٹکر مار دی جس کے فوراً بعد ہائی ایس میں آگ بھڑک اُٹھی۔ بعض مسافروںنے شیشے توڑ کر چھلانگیں لگائیں  دو خواتین اور دو بچے  بری طرح جھلس کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ نوشہرو سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق بالائی  نوشہرو فیروز کے قریب قومی شاہراہ پر تیزرفتاری کے باعث کار الٹ گئی جس سے 3 بچے جاں بحق جبکہ 4 افراد شدید زخمی ہوئے۔ ادھر سکھر کے قریب سبزی منڈی کے مقام پر با ئی پاس پر کو ئٹہ سے سکھر کی طرف آنیوالا ایک ٹرک ڈرا ئیور کے قابو سے نکل کر سامنے سے آنے والی وین سے ٹکرانے کے بعد وہاں پر کھڑی ایک کار، ایک پک اپ، رکشہ، موٹر سائیکل اور ریڑھیوں پر چڑھ دوڑا اور انکو کچلتا ہوا آگے جا کر رک گیا جس کے نتیجے میں ایک سالہ بچے مزمل کھوکھراور دو خواتین مولاڈنی، مسز ایاز سمیت آٹھ افراد شاہد سو لنگی، ایاز مہر، صدام حسین و دیگر موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ پچیس افراد زخمی ہو گئے۔ امدادی کارروائیوں میں تاخیر پر مظاہرین نے ٹرک کے شیشے توڑ دیئے اور امدادی کارروائیوں کے لئے پہنچنے والی ایدھی ایمبولینسوں پر پتھرائو کیا اور ان کے ڈرائیوروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ ادھر مانسہرہ میں گاندھیاں کے قریب کوسٹر کھائی میں گرنے سے  پاک فوج کے  جوان سمیت 6افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 31 زخمی ہو گئے جن میں پاک فوج کے 7جوان بھی شامل ہیں۔  نوشہرو فیروز میں حادثے کے دوران 3 افراد دم توڑ گئے۔ علاوہ ازیں صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، عمران خان اور دیگر رہنمائوں نے حادثات میں ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ٹریفک حادثات کے دوران ایک ہی خاندان کے 5 افراد سمیت قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن