رہاکئے گئے امریکی فوجی سے بہت اچھاسلوک کیا: افغان طالبان
واشنگٹن(این این آئی)افغان طالبان نے کہاہے کہ انہوں نے حال ہی میں پانچ سالہ قید کے بعد رہا کیے گئے امریکی فوجی بو برگ ڈیل سے انتہائی اچھا سلوک کیا اور حتی کہ انہیں طالبان کے ساتھ فٹبال کھیلنے تک کی اجازت تھی،افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے امریکی خبررساں ادارے سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ امریکی سرجنٹ کو اچھی سہولیات فراہم کی گئیں اور وہ جب کبھی بھی درخواست کرتے، ان کو تازہ پھل اور دیگر کھانے پینے کی اشیا فراہم کی جاتیں۔ذبیح نے کہا کہ آپ ان کی دوران قید گزرنے والی زندگی کے حوالے سے امریکہ میں پوچھ سکتے ہیں، وہ شکایت نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ برگ ڈیل کو افغانستان میں مختلف مقامات پر رکھا گیا تاہم مزید معلومات فراہم کرنے سے انکار کردیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی فوجی وہاں فٹبال کھیلنے کے ساتھ ساتھ انگریزی زبان میں اسلامی کتب بھی پڑھتے تھے۔اس موقع پر ذبیح اللہ نے تاحال جرمنی میں زیر علاج امریکی فوجی کو طالبان کی جانب سے قتل کی دھمکی کے حوالے سے ردعمل دینے سے انکار کردیا۔