اسرائیل کی قبلہ اول کو شہید کرنے کی سازش مکمل، مسجد کی بنیادوں میں ہال کا افتتاح
مقبوضہ بیت المقدس ( اے این این)اسرائیل نے دس سال سے جاری کھدائیوں کے بعد مسجد اقصی کی بنیادوں میں سرنگوں اور ہال کا رواں ہفتے باضابطہ طور پر افتتاح کردیا ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق مسجد اقصی کی تعمیر و مرمت کی ذمہ دار تنظیم اقصی فاﺅنڈیشن نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے قبلہ اول کی بنیادوں میں تیار کردہ ہال کو "پس دیوار مرکز زائرین" کا نام دیا ہے۔گزشتہ روز خفیہ طور پر ہال اور سرنگوں کے افتتاح کی تقریب میں اہم سیاسی، فوجی اور مذہبی شخصیات موجود تھیں۔ اس موقع پر تلمودی رقص بھی پیش کیا گیا۔ اقصی فاﺅنڈیشن نے یہودیوں کی جانب سے مسجد اقصی کی بنیادوں میں کھدائیوں کو قبلہ اول کے لئے نہایت خطرناک قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ مقدس مقام کی بنیادوں میں ہال اور سرنگیں دراصل اسے شہید کرنے کے لئے ایک سازش ہیں۔ رپورٹ کے مطابق باب المطہرہ جس کی بنیادوں میں کئی سرنگیں موجود ہیں کسی بھی وقت زمیں بوس ہوسکتا ہے۔