بلغاریہ اور ترکی سے ڈی پورٹ 12 پاکستانی وطن واپسی پر گرفتار
کراچی (ثناءنیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے بلغاریہ اور ترکی سے ڈی پورٹ کئے گئے 12 پاکستانیوں کو وطن واپسی پر حراست میں لے لیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وطن واپس آنے والے 12 میں سے 7 پاکستانی زمینی راستے سے براستہ ترکی یورپ جانا چاہتے تھے تاہم ترکی میں وہ پکڑے گئے اور قانونی تقاضوں کی تکمیل کے بعد انھیں دوبارہ پاکستان بھجوا دیا گیا۔ ڈی پورٹ ہونے والے 5 پاکستانی بلغاریہ میں خصوصی افراد کے لئے منعقدہ کھیلوں کے ایونٹ میں شرکت کے لئے گئے تھے تاہم قومی کھلاڑیوں کی ٹیم جب بلغاریہ پہنچی تو وہ ایونٹ ختم ہوچکا تھا ۔ تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ کھلاڑیوں کے گروپ میں سے صرف ایک ہی کھلاڑی قوت گویائی اور سماعت سے محروم ہے باقی تمام لوگ مکمل طور پر بول اور سن سکتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں بلغاریہ سے بے دخل کردیا گیا۔ دونوں ملکوں سے بے دخل کئے گئے 12 افراد جب بذریعہ ہوائی جہاز کراچی ائرپورٹ پہنچے تو ایف آئی اے حکام نے انہیں حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی۔ تحقیقاتی ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ ان افراد سے تفتیش کے ذریعے انسانی سمگلنگ کے دھندے میں ملوث افراد تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔