کراچی: بچوں کی ہلاکت پر نجی ہسپتال کے 2 ملازم گرفتار، ڈاکٹر بدستور فرار
کراچی (نمائندہ نوائے وقت)کراچی میں بچوں کی ہلاکت پر نجی ہسپتال کے 2 ملازمین کو گرفتار کر لیا گیا۔ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق خراب انکوبیٹر میں آکسیجن کی کمی اور ناتجربہ کار عملے کے باعث افسوسناک واقعہ پیش آیا ۔گورنر سندھ اور وزیرا علیٰ سندھ کے نوٹس لینے پر کمشنر کراچی کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی نے بچوں کی اموات کی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی ہے، تحقیقاتی رپورٹ میں نجی ہسپتال میں پانچ بچوں کی ہلاکت کو ہسپتال انتظامیہ کی غفلت کا نتیجہ قراردیا گیا۔ بچوں کی ہلاکت ڈاکٹرز کی ڈیوٹی پرعدم موجودگی کے باعث ہوئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے مفرور ڈاکٹر ہسپتال کے ٹیکنیشن کو ٹیلی فون پر ہدایت دیتا رہا۔ پیڈیاٹرک ڈاکٹروں کی بجائے ناتجربہ کار عملہ بچوں کی دیکھ بھال کرتا تھا ۔کمیٹی نے نجی ہسپتال کا ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا ہے۔گرفتار ملزم رمضان کا کہنا ہے اس کا کوئی قصور نہیں ۔ ملزم نے دعویٰ کیا 9 بچے نہیں بلکہ 4 بچوں کی ہلاکت ہوئی۔ اس نے بتایا مرنے والے بچوںمیں سمیہ ،مصطفی، شائستہ اور عروسہ شامل تھیں ۔ پولیس کے مطابق دو مفرور ملزموں ڈاکٹر طارق شاہ اور ڈاکٹر عدنان کی گرفتاری کے لئے کراچی اور اندرون سندھ چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔