ماریہ شراپووا نے سیمونہ ہلیپ کو ہرا کر فرنچ اوپن کا ٹائٹل جیت لیا
پیرس (سپورٹس ڈیسک) روس کی ماریہ شراپووا نے رومانیہ کی سیمونہ ہلیپ کو شکست دے کر فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ روسی حسینہ نے پہلا سیٹ چھ چار سے جیتا مگر دوسرے سیٹ میں پانچ سات سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ فیصلہ کن سیٹ میں شراپووا نے چھ چار سے کامیابی حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ مردوں کا سنگل فائنل آج رافیل نڈال اور نووک ڈجکووک کے درمیان کھیلا جائیگا۔ شراپووا نے کیرئیر کا پانچواں گرینڈ سلام ٹائٹل جیتا۔ شراپووا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرا سب سے مشکل گرینڈ سلام فائنل تھا۔ سیمونہ نے بہت عمدہ کھیل پیش کیا۔ ان کی کارکردگی ناقابل یقین تھی۔ 2001ء کے بعد یہ ایسا فائنل تھا جس کا فیصلہ تیسرے سیٹ میں ہوا۔