پاکستان ہاکی فیڈریشن :قومی کھلاڑیوں کے ڈیلی الائونس میں 50 ڈالر کمی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مالی بحران کے باعث غیر ملکی دوروں میں قومی کھلاڑیوں کے ڈیلی الاونس میں 50 ڈالر کمی کر دی ہے۔اب کھلاڑیوں کو غیر ملکی دورہ کے دوران 150 کی بجائے 100 ڈالر ڈیلی الاونس دیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس بات کا فیصلہ فیڈریشن کی مالی حالت کو دیکھتے ہوئے اسے حکومتی گرانٹ سے مشروط کر دیا ہے۔ اگر حکومت کی جانب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو 65 کروڑ روپے کی سالانہ گرانٹ کی منظوری ہو گئی تو کھلاڑیوں کے ڈیلی الاونس کو 150 ڈالر کر دیا جائیگا جبکہ اسکے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کے سنٹرل کنٹریکٹ پر بھی غور کیا جائیگا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے فیصلے پر کھلاڑیوں میں تحفظات پائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ملنے والا معاوضہ انتہائی کم ہے ایسے میں غیر ملکی دوروں کے ڈیلی الاونس میں کمی کے فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے۔