• news

متبادل ٹرین کی آفر قبول نہیں، 20 جون کا ٹرین مارچ عوامی ایکسپریس پر ہوگا: شیخ رشید

 لاہور + اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر+ آئی این پی)  پاکستان ریلویز نے شیخ رشید کو 20 جون کے ٹرین مارچ کیلئے سپیشل ٹرین کی فراہمی کی پیشکش کی ہے۔ واضح رہے شیخ رشید نے ڈی ایس راولپنڈی کے نام خط میں 20 جون کو راولپنڈی سے لاہور تک عوام ایکسپریس میں ایک کوچ کی بکنگ کیلئے درخواست دی تھی جس کے جواب میں ڈی ایس راولپنڈی نے شیخ رشید کو لکھا ہے کہ ریلوے انکے مارچ کی سہولت کیلئے انہیں ایک سپیشل ٹرین فراہم کرنے کو تیار ہے جس میں مختلف سٹیشنوں پر خطاب کیلئے بھی انہیں خاطر خواہ وقت دستیاب ہوگا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ وہ سپیشل ٹرین کیلئے کوچز کی مطلوبہ تعداد اور سٹاپوں اور وہاں خطاب کے دورانیہ سے بھی آگاہ کریں تاکہ فوری انتظامات کئے جاسکیں اور مطلوبہ رقم جمع کرائی جا سکے۔ دوسری طرف شیخ رشید احمد نے پاکستان ریلویز کی جانب سے متبادل ٹرین فراہم کرنے کی تجویز مسترد کر تے ہوئے اعلان کیا ہے کہ عوامی مسلم لیگ کا 20جون کا ٹرین مارچ عوامی ایکسپریس کے زریعے ہی ہوگا ،عوامی مسلم لیگ کے ٹرین مارچ کو منی ٹرین مارچ کہنے والے اتنے خوفزدہ ہیں کہ راولپنڈی سے عوامی ایکسپریس کے ٹکٹوں کے اجراء پر بھی پابندی لگا دی ہے ، عوامی مسلم لیگ کے کارکنوں نے پشاور ،گوجر خان ،گوجرانوالہ اور دیگر بڑے شہروں سے ٹرین مارچ کے لیے ٹکٹ حاصل کر لیے ہیں ۔لال حویلی میں صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں جاری بجلی ،گیس کے بحران ،امن امان کی بگڑی ہوئی صورتحال ،لاقانونیت ،جمہوریت کے نام پر عوام دشمن پالسیوں کے خلاف عوامی مسلم لیگ کا 20جون کا ٹرین مارچ کسی صورت نہیں رکے گا ،حکومت نے کسی بھی قسم کی رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو پیدا ہونے والی صورتحال کی خود ہی ذمہ دار ہوگی ۔ انہوں نے کہا وزیر ریلوے سستی شہرت کیلئے میڈیا پر یہ بیان دے رہے ہیں کہ ہمارا ٹرین مارچ منی ٹرین مارچ ہوگا ،اگر یہ ٹرین مارچ واقعہ ہی منی ٹرین مارچ ہے تو گھبرانے اور پریشان ہوکر پابندیاں لگانے کی ضرورت کیوں پیش آئی ہے۔ میڈیا نمائندوں کیلئے 68ٹکٹوں کے لیے ریلوے سے رجوع کیا تھا لیکن اس کا جواب بھی کوئی نہیں آیا ۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ کے ٹرین مارچ کا پہلا پڑائو لاہور ہوگا۔ عوامی مسلم لیگ اپنے جمہوری حق کو استعمال کرتے ہوئے ٹرین مارچ ہر حال میں کرے گی ۔

ای پیپر-دی نیشن