• news

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نئے چیئرمین پیمرا کی تقرری روک دی

اسلام آباد (ثناء نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو نئے چیئرمین پیمرا کی تقرری سے روک دیا۔ عدالت نے صورت حال برقرار رکھتے ہوئے قائم مقام چیئرمین پیمرا کی تقرری سے متعلق درخواستوں کی سماعت ایک ساتھ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔رکن پرویز راٹھور کی حیثیت پر وکلا  ابہام کا شکار ہو گئے۔جسٹس نورالحق قریشی نے پرویز راٹھور کی بطور رکن پیمرا تعیناتی کیخلاف درخواست کی سماعت کی۔ پرویز راٹھور اور پیمرا کے وکیل نے جواب داخل کرانے کیلئے مہلت کی استدعا کی تو جسٹس نورالحق نے کہا کہ بطور قائم مقام چیئرمین تعیناتی بھی چیلنج کی گئی،دونوں کا  فیصلہ ایک ساتھ ہونا چاہئے،الگ الگ سماعت سے تکنیکی رکاوٹیں پیش آسکتی ہیں۔عدالت نے وفاقی حکومت کو نئے چیئرمین پیمرا کی تقرری سے روکتے ہوئے درخواست پر فیصلے تک پیمرا کی موجودہ صورتحال برقرار رکھنے کی ہدایت کر دی۔عدالت نے دونوں درخواستوں کی ایک ساتھ سماعت کا فیصلہ کیا اور آئندہ تاریخ سترہ جون مقرر کردی۔

ای پیپر-دی نیشن