کراچی: پرتشدد واقعات کم نہ ہوئے، 2 پولیس اہلکاروں سمیت 4 جاں بحق
کراچی (کرائم رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں پیر کو فائرنگ کے واقعات میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور تین افراد زخمی ہوگئے۔ ٹریفک پولیس کے اہلکار35 سالہ فیض محمد ولد عبدالحکیم کو نارتھ ناظم آباد میں عبداللہ کالج کے قریب فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ اس پر موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ ملزمان فرار ہوگئے ادھر جہانگیر روڈ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے دو سگے بھائی25 سالہ وسیم ولد غلام حسین اور26 سالہ عارف ولد غلام حسین زخمی ہوگئے جبکہ اتحاد ٹائون کے علاقے شانتی نگر میں فائرنگ کرکے25 سالہ محمد سلیم ولد خالد کو زخمی کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ مومن آباد کے علاقے بجلی نگر میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد اسپیشل برانچ پولیس کے اہلکار حسنات شاہ کو فائرنگ کرکے ہلاک کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔علاوہ ازیں پہاڑی پورہ کے علاقے غریب آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ 2 افراد ہلاک 3 زخمی ہو گئے جن کی شناخت کا معلوم نہیں ہو سکا۔