پاکستان سے دفاعی تعاون بڑھانا چاہتے ہیں‘ 35 ایم آئی ہیلی کاپٹرز کی درخواست مل گئی: روس
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز سے پاکستان میں روسی سفیر الیکسی ڈیڈوف نے گذشتہ روز یہاں ملاقات کی اور وزیراعظم کے مشیر کے آئندہ دورہ روس پر تبادلہ خیال کیا۔ واضح رہے کہ سرتاج عزیز 18 سے 20 جون تک روس کا دورہ کریں گے اور سکیورٹی حکام کے عالمی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ روسی سفیر نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کا خواہشمند ہے۔ پاکستان پر دفاعی سازوسامان کی فروخت کیلئے کبھی پابندی نہیں لگائی۔ روس کو پاکستان میں دہشتگردی پر تشویش ہے۔ ایم آئی 35 ہیلی کاپٹر کیلئے پاکستان کی درخواست موصول ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ دفتر خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاء اور خطے میں دہشت گردی کے خطرات کے خلاف پاکستان اور روس کے درمیان وزراء خارجہ سطح کی ملاقات اگلے ہفتے ماسکو میں ہوگی۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز 18سے 20 جون تک روس کا دورہ کریں گے جہاں وہ ماسکو میں سکیورٹی معاملات کے تیسرے اجلاس میں شرکت کریں گے اور روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں افغانستان سے بیرونی افواج کے انخلاء کے بعد کی صورت حال اور اس خطے میں دہشت گردی کے خطرات کے لئے باہمی تعاون پر تبادلہ خیال ہوگا۔ مشیر خارجہ سر تاج عزیز ماسکو میں اس خطے کے سکیورٹی حکام کے اجلا س میں بھی شرکت کریں گے اس سلسے میں روسی سفیر الیکسی ڈیڈوف نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات بھی کی اور اس دورے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ روسی سفیر نے یقین دہانی کروائی کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے روس پاکستان کو ہر قسم کا تعاون دینے کیلئے تیار ہے۔ روسی سفیر نے کراچی میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی بھی سختی سے مذمت کی اور پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی۔