• news

وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری پارلیمنٹ کے وقار کا خیال رکھیں، غیرحاضری پر سینٹ قائمہ کمیٹی کی برہمی

اسلام آباد (ثناء نیوز) سینٹ کی قواعد و ضوابط اور استحقاق کی قائمہ کمیٹی نے اجلاس میں طلبی کے باوجود نہ آنے پر پرنسپل سیکرٹری وزیراعظم پر واضح  کیا ہے کہ انہیں  پارلیمنٹ کے وقار اور عزت کا خیال رکھنا چاہئے۔ اجلاس میں سینیٹر زاہد خان کے خصوصی فنڈ سے لوئیر دیر میں گیس فراہمی منصوبے کی وزیراعظم سیکرٹریٹ سے تاحال منظوری نہ ملنے پر قائمہ کمیٹی کے پانچویں اجلاس میں بھی شدید برہمی کا اظہار کیا گیا۔کمیٹی کے منعقدہ پچھلے اجلاس میں وزیر مملکت پارلیمانی امور شیخ آفتاب اور ایڈیشنل سیکرٹری وزیر اعظم سیکرٹریٹ حسن اقبال نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی تھی کہ پانچ دنوںمیں وزیر اعظم سے سینیٹر زاہد خان کے خصوصی فنڈزکی ترقیاتی گیس فراہمی سکیم کی منظوری وزیر اعظم سے حاصل کر لی جائیگی۔ اجلاس میں بھی ایڈیشنل سیکرٹری وزیر اعظم سیکرٹریٹ نے آگاہ کیاکہ گذشتہ دو دنوں سے ملکی سنگین صورتحال کی وجہ سے وزیر اعظم اور پرنسپل سیکرٹری دن رات مصروف ہیں ۔سینیٹر زاہد خان کی گیس فراہمی سکیم کی سمری وزیر اعظم کو بھجوا دی گئی ہے جلد منظوری مل جائے گی اس لئے کچھ وقت اور دے دیا جائے ۔کمیٹی کا اجلاس چیئرمین قائمہ کمیٹی کرنل (ر) طاہر حسین مشہدی کی صدارت میں ہوا۔ سینیٹر سید مظفر شاہ کے سوال کے جواب میں ایڈیشنل سیکرٹری نے مزید وقت مانگا تو سینیٹر زاہد خان نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صاف بتایا جائے کہ وزیر اعظم منصوبے کی منظوری دینا چاہتے ہیں کہ نہیں کمیٹی ارکان کا وقت ضائع نہ کیا جائے بیورو کریسی تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔ نومبر 2013ء سے اب تک معاملہ سر د خانے میں پڑا ہے۔ وزیر اعظم سے منظوری حاصل کرنا پرنسپل سیکرٹری وزیر اعظم کے لئے مشکل نہیں۔ وفاقی وزیر پیڑولیم، سیکرٹری پیڑولیم ، چیئر مین اوگرا، ایم ڈی ایس این جی پی ایل نے کمیٹی کے اجلاس میں خود کہا تھا کہ 30جون سے قبل اگر منظوری نہ دی گئی تو فنڈ حکومت کو واپس چلے جائیں گے معاملہ کمیٹی کی وجہ سے نہیں بلکہ پرنسپل سیکرٹری وزیر اعظم  کے عملے کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے۔ سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ اب زیادہ تاخیر کی بجائے منصوبے کو وزیراعظم سے منظور کروایا جائے۔ سینیٹر چودھری جعفر اقبال نے کہا کہ ملکی سنگین صورتحال کی وجہ سے منصوبے کی منظوری میں تاخیر ہوئی سیکرٹری اگلے اجلاس میں شرکت کر کے اپنی عزت میں اضافہ کروائیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری وزیراعظم سیکرٹریٹ نے بتایا کہ پرنسپل سیکرٹری وزیر اعظم کو قائمہ کمیٹی کی ہدایات اور احکامات سے آگاہ کیا ہے اور  وزیر اعظم نے وزارت پیڑولیم کو زبانی حکم جاری کر دیا ہے اور سمری سیکرٹری پیڑولیم کو بھی دو دن قبل بھجوا دی گئی ہے بر وقت وزیر اعظم سے منظوری نہ ہونے پر  معذرت خواہ  ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن