قصور، ننکانہ، خوشاب میں کلرکوں کا تنخواہوں میں اضافے، مہنگائی کیخلاف احتجاج
قصور+ ننکانہ+ خوشاب (نامہ نگاران) ایپکا قصور کے زیراہتمام تمام محکمہ جات کے کلیریکل سٹاف (ایجوکیشن، ہیلتھ ، کالجز، انہار، بلڈنگ، فوڈ، ڈی سی او آفس، ایگری کلچر،لائیو سٹاک اور دیگر محکمہ جات) نے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو ایجوکیشن کمپلیکس سے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر قصور کے دفتر میں جا کر احتجاجی دھرنا دیا۔ مقررین نے کہا بجٹ 2014ء کو مسترد کرتے ہوئے مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو 12جون کو پنجاب اسمبلی کا گھیرائو کیا جائیگا۔ ننکانہ میں بھی ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق کی منظوری، تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ اور خیبر پی کے کی حکومت کی طرح کلرکوں کے سکیل اپ گریڈ نہ کرنے پر مکمل ہڑتال کی۔ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) ضلع ننکانہ صاحب کے صدر محمد اکرم گجر نے صحافیوں کو بتایا کہ مرکزی و صوبائی قائدین کی کال پر ضلع بھر کے دفاتر میں ہڑتال کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال دیگر صوبوں میں ملازمین کی تنخواہوں میں 15فیصد اضافہ کیا گیا تھا مگر پنجاب حکومت نے ملازمین کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کرتے ہوئے صرف 10فیصد اضافہ کیا جو کہ پنجاب کے ملازمین کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔ دریں اثناء آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن پنجاب کی ہدایت پر ضلع خوشاب کے مختلف محکموں کے کلرکوں نے مہنگائی کیخلاف اور تنخواہوں میں مزید اضافے کیلئے مکمل ہڑتال کی اور زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔