لاہور، راولپنڈی میں پولیو وائرس کی تین نئی اقسام کا انکشاف
لاہور( این این آئی) پنجاب کے مختلف اضلاع میں پولیو وائرس کے ماحولیاتی نمونے مثبت آنے کے بعد لاہور اور راولپنڈی میں اس وائرس کی تین نئی اقسام کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ پنجاب حکومت نے متاثرہ اضلاع میں 23جون سے انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔مئی میں حاصل کردہ نمونوں کی رپورٹ میں لاہور اور راولپنڈی میں پولیو کے تین نئے وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں پایا جانے والا وائرس گڈاپ اور گلشن اقبال کراچی سے منتقل ہوا، جبکہ راولپنڈی میں پولیو جرثومہ شمالی وزیرستان کے وائرس سے مماثلت رکھتا ہے۔ نئے وائرس کی تصدیق پر محکمہ صحت کے حکام کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا ہے۔پولیو کے اس نئے حملے کو روکنے کے لئے پنجاب حکومت نے لاہور اور راولپنڈی میں 23جون سے انسداد پولیو کی خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ماحولیاتی نمونوں کو منفی کیا جاسکے۔