• news

نواب خیر بخش مری کی تدفین آج ہو گی وقت اور دوا سے مارا گیا، موت کے اسباب کا تعین عالمی ماہرین سے کرایا جائے: مہران، حیربیار

کراچی+ کوئٹہ (ایجنسیاں+ نیٹ نیوز) مری قبیلے کے سربراہ اور بزرگ قوم پرست رہنما نواب خیر بخش مری کو آج (جمعرات) ان کے آبائی علاقے میں سپردخاک کیا جائے گا۔ کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ بعدازاں میت کو آبائی علاقے کاہان لیجایا جائے گا۔ نواب خیر بخش مری کے صاحبزادے مہران مری نے الزام عائد کیا ہے کہ نواب اکبر بگٹی کو بموں سے ہلاک کیا گیا جبکہ نواب خیر بخش مری کو وقت اور دواؤں کے ذریعے ہلاک کیا گیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ نواب خیر بخش مری کو خاندان نے علاج کی خاطر بیرون ملک لے جانے کی کوشش کی لیکن حکومت کی جانب سے اجازت نہیں مل سکی۔ چنگیز مری کے مطابق خیبر بخش مری کی تدفین کوئٹہ میں یا ان کے آبائی ضلع کوہلو کے علاقے کاہان میں کرنے کا فیصلہ جسد خاکی کے کوئٹہ پہنچنے کے بعد کیا جائے گا۔ نواب خیر بخش مری کے دوسرے بیٹے حیربیار مری نے تدفین سے قبل موت کے اسباب کا تعین عالمی ماہرین سے کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن