• news

وزیر اطلاعات بے معنی بیان بازی سے حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں: شیریں مزاری

اسلام آباد(این این آئی) تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے وفاقی وزیراطلاعات ونشریات پرویز رشید کے بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام دھاندلی کے ذریعے آنیوالی حکومت کی ترجیحات سمجھ چکے ہیں اس کی کارکردگی سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔ وزیرا طلاعات و نشریات بے معنی بیان بازی کے ذریعے حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیںاور اپنی حکومت کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے حزب اختلاف کی جماعتوں خصوصاً پاکستان تحریک انصاف اور اس کی قیادت پر سنگ باری میں مصروف ہیں۔ پرویز رشید کے حوالے سے پوری قوم بخوبی جانتی ہے کہ وہ ایک عرصے سے وزیراعظم کی ایماء پر اہم ریاستی اداروں کی ساکھ دائو پر لگا کرمیڈیا گروپ کی ترجمانی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، ان کی عمران خان پر تنقید سمجھ سے بالاتر ہے۔ کل جماعتی کانفرنس کے ذریعے صرف عمران خان یا تحریک انصاف ہی نہیں بلکہ پوری قومی قیادت نے متحدہو کر حکومت کو مذاکرات کے ذریعے قیام امن کی ذمہ داری سونپی تھی جس میں وہ مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔  اقتدار میں آنے سے قبل میاں نواز شریف اور ان کی جماعت پوری شدومد سے بات چیت کی حمایت کرتی رہی ہے اور عسکری کارروائیوں کو ملکی مفاد کے خلاف قرار دیتی رہی ہے، تاہم حکومت میں آنے کے بعد مسلم لیگ ن کے اہم رہنمائوں کا نہ صرف لب ولہجہ تبدیل ہو چکا ہے بلکہ ترجیحات بھی بدل چکی ہیں اب ملک اور قوم کی بجائے وہ اپنی ذاتی ایجنڈے کی تکمیل میں مصروف ہیں۔ اگر بات چیت کے ذریعے قیام امن کی حمایت طالبان کی پشت پناہی یا ان کی ایجنڈا کی تشکیل کے مترادف ہے تو نواز شریف اور مسلم لیگ ن کی پوری قیادت ایوان کے اندر اور باہر ایک عرصے سے اس ایجنڈا پر کاربند ہے پوری قوم اس سے بخوبی آگاہ ہے۔ اپنے بیان میں وزیراعظم کے دورہ بھارت کے دوران بھارتی تاجروں فنکاروں سے ملاقات کو حریت قیادت پر ترجیح دینے جیسے اقدام کی جانب اشارے کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ذاتی منفعت کے حصول کیلئے مسلم لیگ ن اور اس کی حکومت ملکی مفادات تک کا سودا کرنے میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرتی۔ شیریں مزاری نے میران شاہ میں جاسوس طیارے کے حملے کی بھی شدید مذمت کی۔

ای پیپر-دی نیشن