اے این پی نے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت پر آمادگی ظاہر کردی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے عوامی نیشنل پارٹی نے انتخابی اصلاحات کیلئے مجوزہ پارلیمانی کمیٹی میں شمولیت پر آمادگی کا اظہار کردیا ہے۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی امور عرفان صدیقی پر مشتمل وفد نے اے این پی کے قائمقام صدر سینیٹر حاجی عدیل سے ملاقات کی۔ اے این پی کی طرف سے حاجی عدیل کے علاوہ غلام احمد بلور، امیر حیدر ہوتی اور سینیٹر زاہد خان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں مسلم لیگ (ن) نے انتخابی اصلاحات اور ملک کی موجودہ صورتحال پر اے این پی کی قیادت کو اعتماد میں لیا۔ حکومتی وفد نے اے این پی کی قیادت کو بتایا کہ ملک میں جمہوریت کو مزید مضبوط کرنے کیلئے شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کا انعقاد کیلئے حکومت انتخابی اصلاحات کیلئے کمیٹی تشکیل دے رہی ہے تمام سیاسی جماعتوں سے ملکر تجاویز مرتب کی جائیں گی۔