• news

بیرون ملک 75 شہروں میں دو ماہ کے اندر مشین ریڈایبل پاسپورٹ فراہم کئے جائیں: سپریم کورٹ

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مشین ریڈایبل پاسپورٹ کی عدم دستیابی اور دیگر مشکلات سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں عدالت نے ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کو 2 ماہ میں بیرون ملک کے باقی 75 شہروں میں ریڈایبل سروس مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مقدمہ کی مزید سماعت 11 اگست تک ملتوی کردی گئی ہے۔ جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے چین میں مقیم پاکستانی محمد اعظم خواجہ کی درخواست پر لئے گئے سوئو موٹو مقدمے کی سماعت کی تو قائم مقام ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد صفدر نے پیش ہوکر بتایا کہ مانچسٹر میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی سہولت فراہم کردی گئی ہے جبکہ بارسلونا، برمنگھم اور میلان میں سہولت فراہم کرنے کیلئے کام ہورہا ہے۔ مذکورہ ممالک میں فیڈرل سروس پبلک کمیشن کے تحت تکنیکی عملے کی بھرتیاں کی جائیں گی۔ ڈی جی پاسپورٹ کا کہنا تھا کہ چین لندن اور بریڈ فورڈ میں اس حوالے سے ریڈایبل مشین لگ رہی ہے۔ گزشتہ سال سے دنیا کے مختلف ممالک میں ریڈایبل پاسپورٹ کی فراہمی کیلئے کام کیا جارہا ہے۔ دنیا کے 109 قونصلیٹس میں سے 34 کو یہ سہولت فراہم کی جائے گی تاہم تکمیل کیلئے مزید تین ماہ کا وقت درکار ہوگا۔ جسٹس ناصر الملک نے ان کے موقف کو رد کرتے ہوئے کہا کہ ہم تین ماہ کا وقت فراہم نہیں کرسکتے دو ماہ کا وقت اس مشق کی تکمیل کیلئے کافی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن