راولپنڈی: مکان کی چھت گرنے سے 7 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) راولپنڈی میں مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے ڈھوک للیال میں مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 7 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، ریسکیو 1122 ذرائع کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبنے والے افراد میں خواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں۔ واقعہ میں تین افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیاگیا ہے۔لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ شہباز شریف نے راولپنڈی میں عمارت کی چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال میں علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔