پاکستان کی آبادی 2050ء تک دگنی ہو جائے گی
اسلام آباد (اے پی پی) پاپولیشن کونسل کی ڈائریکٹر ڈاکٹر زیبا اے ستار نے کہا ہے کہ پاکستان کی آبادی 2050ء تک دگنی ہو جائے گی۔ ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آبادی کے بڑھنے کا تناسب 2 فیصد ہے جو کہ پڑوسی ممالک کے مقابلہ میں زیادہ ہے۔ انہوں نے پڑوسی ملک بنگلہ دیش کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے لڑکیوں اور خواتین میں تعلیم کا شعور بیدار کر کے آبادی پر کنٹرول حاصل کیا ہے۔ ڈاکٹر زیبا نے کہا کہ ہمارے ملک میں آبادی پر کنٹرول حاصل کرنے کیلئے میڈیا کے ذریعہ لوگوں میں شعور اجاگر کیا جا سکتا ہے۔