مقبوضہ کشمیر: پلوامہ میں 2 نوجوانوں کی شہادت کیخلاف مکمل ہڑتال‘ مظاہرے‘ جھڑپیں‘ متعدد زخمی
سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں دو نوجوانوں کی شہادت کیخلاف مکمل ہڑتال کی گئی۔ اس دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ دو نوجوانوں کی شہادت پر کرفیو نافذ کرنے کے بعد گزشتہ روز پابندیاں نرم کی گئیں تاہم پلوامہ کے علاقوں کاکہ پورہ اور سانبورہ میں علی الصبح نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے فورسز کی گاڑیوں پر پتھرائو شروع کردیا۔ یہ صورتحال کافی دیر تک جاری رہی جس کے دوران پرتشدد جھڑپیں ہوئیں اور مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فورسز نے ہوائی فائرنگ کی۔ ہڑتال اور پرتشدد مظاہروں کے نتیجے میں کاکہ پورہ، للہار، سانبورہ، کسر گام اور دیگر ملحقہ علاقوں میں معمولاتِ زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئے اور ٹریفک بھی متاثر رہی۔ سانبورہ سمیت کئی مقامات پر نوجوانوں نے للہار تک جلوس نکالنے کی کوشش کی تاہم ان کی کوشش ناکام بنا دی گئی جبکہ کئی مقامات پر دن بھر آزادی کے حق میں نعرے بازی ہوتی رہی۔