• news

مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے صورت حال سے سیاسی انداز میں نمٹنے کی حکمت عملی تیار کر لی

اسلام آباد ( محمد نواز رضا/ وقائع نگار  خصوصی)   باخبر ذرائع کے مطابق پاکستان  مسلم لیگ (ن)  کی  اعلیٰ قیادت نے  موجودہ  سیاسی صورت حال کو  سیاسی انداز میں نمٹنے  کے لئے حکمت عملی تیار کرلی ہے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کو ششوں کا سیاسی طریقے سے جواب دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے حکومت کے بارے میں غیر یقینی صورت حال پیدا کرنے والے عناصر   کے پراپیگنڈہ کا سختی سے جواب دیا جائے گا  حکومت پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے  لئے ضابطہ اخلاق مرتب کرر ہی ہے۔ وزیر اعظم کے خصوصی معاون عرفان صدیقی نے تمام قوانین کا جائزہ لے کر ورکنگ پیپر اجلاس میں پیش کیا ہے جس میں ضابطہ اخلاق پر موثر طور عمل درآمد کیلئے  قانونی سقم دور کرنے کی تجاویز پیش کی ہیں  اس ورکنگ پیپر کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔ وزیر اعظم نواز شریف کے زیر صدارت  مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ  قیادت کا اجلاس منعقد ہوا جس میں  وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر دفاع خواجہ آصف،وفاقی  وزیر خزانہ اسحق ڈار، وفاقی  وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید، ریاستوں و سرحدی امور کے وزیر لیفٹننٹ جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ ،  وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات  احسن اقبال ، وزیر اعظم کے معاون برائے قومی امور عرفان صدیقی اور مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما صدیق الفاروق نے شرکت کی۔ اجلاس میں تحریک انصاف کے جلسے جلوسوں اور پاکستان عوامی تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر طاہر القادری کی پاکستان واپسی کے اعلان کے تناظر میں سیاسی حکمت عملی  پر غور  کیا گیا ۔
حکمت عملی

ای پیپر-دی نیشن