• news

’’پی این ایس دہشت‘‘ پاک بحریہ میں شامل، یہ پاک چین دوستی کی عمدہ مثال ہے: نیول چیف

کراچی (آئی این پی) ملکی وسائل سے تیار کردہ ’’پی این ایس دہشت‘‘ کی کمیشننگ اور پاک بحریہ میں باقاعدہ شمولیت کی تقریب  کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں  منعقد ہوئی جس  کے  مہمان خصوصی  پاک بحریہ کے سربراہ  محمد آصف سندھیلہ  تھے۔ تقریب سے خطاب کے دوران کراچی شپ یارڈ کی انتظامیہ اور کارکنان،  چائنا شپ بلڈنگ اینڈ آف شور کمپنی، زنگانگ شپ یارڈ اور متعلقہ نیول حکام کی تعریف کرتے ہوئے  نیول چیف نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی منتقلی کے تحت کراچی شپ یارڈ میں پی این ایس دہشت کی تعمیر پاک چین دوستی کی ایک اور عمدہ مثال ہے اور یہ دوستی دن بہ دن مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جا رہی ہے۔  پی این ایس دہشت کی تیاری دفاعی پیداوار کے میدان میں اہم پیش رفت ہے۔  چیف آف نیول سٹاف نے جہاز پر تعینات عملے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سخت محنت اور کام سے لگن کی بدولت پی این ایس دہشت نمایاں مقام حاصل کرے گی اور ہر چیلنج کا ہمت اور ثابت قدمی سے سامنا کرے گی جو ہمارے آفیسرزاور   سی پی اوز/ سیلرزکا طرۂ امتیاز ہے۔ قبل ازیں مینیجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ نے وزارت دفاعی پیداوار اور پاکستان نیوی کا کراچی شپ یارڈ میں مقامی وسائل سے جہاز سازی کے جرات مندانہ اقدام پر شکریہ ادا کیا۔ یہ کرافٹ اینٹی ائیر اور سرچ اینڈ ریسکیوآپریشنز کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ تقریب میں چائنا شپ بلڈنگ اینڈ آف شور کمپنی (سی ایس اوسی) کے نمائندوں، سفارت کاروں ، اعلی حکومتی عہدے داروں اور پاک بحریہ اور کراچی شپ یارڈ کے اعلی حکام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نیول چیف

ای پیپر-دی نیشن