اپوزیشن کی سیاسی ترقیاتی کمیٹی نے چارٹر آف ڈیمانڈ کی تیاری شروع کر دی
اسلام آباد (ثناء نیوز) وفاق اور خیبر پی کے کی حکومتی و اپوزیشن جماعتوں کی6رکنی سیاسی ترقیاتی کمیٹی نے چارٹر آف ڈیمانڈ کی تیاری شروع کر دی ہے۔مطالبات سے باضابطہ طور پر وزیراعظم کو آگاہ کیا جائے گا۔ سیاسی ترقیاتی کمیٹی میں وفاق میں حکومتی اتحادی جماعت جمعیت علماء اسلام(ف) اور صوبہ خیبر پی کے کی حکمران جماعت تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ بھی شامل ہیں مختلف حکومتی و اپوزیشن جماعتوں کے خیبر پی کے سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ نے وفاقی حکومت کی جانب سے بجٹ 2014-15ء میں خیبر پی کے کو نظر انداز کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ صوبے کے اہم ترقیاتی منصوبوں کے لئے ان جماعتوں نے اتحاد کر لیا ہے۔ سیاسی ترقیاتی کمیٹی کا پہلا باضابطہ اجلاس گزشتہ روز اسلام آباد میں ہوا۔ جمیعت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ،سابق وزراء اعلیٰ امیر حیدر ہوتی ،اکرم خان درانی، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر حاجی عدیل، پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی شہر یار خان ،گلزار خان، قومی وطن پارٹی کے صدر آفتاب احمد خان شیر پائو نے شرکت کی۔ بجلی گیس کے خالص منافع و رائلٹی سمیت صوبہ کے تمام علاقوں کے اہم منصوبوں کو چارٹر آف ڈیمانڈ میں شامل کیا جائے گا۔ مولانا فضل الرحمن سیاسی اتحاد کمیٹی کے چیئرمین ہونگے۔
سیاسی کمیٹی