بھارت سے کشمیر دریائوں‘ ڈیموں سمیت واپس لینا ہے‘ وزیراعظم دوستی کی پینگیں بڑھانا چھوڑ دیں : حافظ سعید
میانوالی + لاہور(نامہ نگار + خصوصی نامہ نگار) جماعت الدعوۃ پاکستان کے مرکزی امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے فٹ بال گرائونڈ میانوالی میں عظیم الشان اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بھارت کو پاکستان کے اندر مذہبی فرقہ وارانہ، لسانی، طبقاتی اور علیحدگی کی آگ لگا کر جنگ جیتنے نہیں دینگے۔ بھارت قندھار سے لوگر تک بڑے بڑے مراکز بناکر پاکستان کو میدان جنگ بنانے کیلئے سرمایہ کاری کررہا ہے، کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ اب مقبوضہ کشمیر میں جہاد ہوگا بھارت سے دریائوں اور ڈیموں سمیت کشمیر واپس لینا ہے، وزیراعظم نواز شریف بھارت سے دوستی کی پینگیں بڑھانا چھوڑ دیں۔ مشرف بھارت سے دوستی کا نتیجہ پا رہے ہیں، وزیراعظم نواز شریف کو بھی عقل کے ناخن لینے چاہئیں۔ پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ افغانستان میں روس کے بعد امریکہ کو شکست پاکستان کی فوج کی وجہ سے ہوئی ہے۔ پاکستان میں تخریب کاری اور دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، کراچی ائیر پورٹ جیسے سانحات امریکہ کے پیدا کردہ ہیں۔ امریکہ افغانستان میں اپنی شکست کا بدلہ پاکستان میں جنگ جیسے حالات پیدا کر کے لینا چاہتا ہے۔ افغانستان کی جنگ پاکستان میں ڈال دی گئی ہے بھارت نے بھی کمی نہیں چھوڑی۔ عوام کو حکمرانوں کے غلط فیصلے اور پاکستان کے بھارت جیسے بڑے دشمن سے دوستی پر پریشان ہونا چاہئے۔ ہمیں اپنے ملک پاکستان میں لسانی علاقائی طبقاتی کشمکش کی جنگ کو آپس میں ٹھنڈا کر کے اتحاد امت بنانے کی ضرورت ہے اس جنگ کو میڈیا پر ہوا دے کربڑھایا جا رہا ہے، بلوچی سندھی پنجابی کی علیحدگی کی تحریکوں کو ملک دشمن قوتیں ہوا دے رہی ہیں۔ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت، مسلمان سے مسلمان کو لڑا کر مداخلت کی جا رہی ہے۔ مشرقی پاکستان میں بھارت نے سازش کے تحت وہاں کے عوام میں فوج سے نفرت پھیلا کر کامیاب ہوگئے لیکن یہاں ایسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ مودی بھارت کے گوربا چوف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت ایک میڈیا گروپ میڈیا آزادی کی باتیں ہورہی ہیں۔ اللہ کے احکام سے ٹکرانے والے اسلام اور پاکستان کے خیرخواہ نہیں۔ پاکستان کے عوام اسلام اور دو قومی نظریہ پر متحد ہیں۔ اتحاد امت کانفرنس سے جماعت الدعوۃ پاکستان کے مرکزی رہنما سیف اللہ خالد اور مرکزی کمانڈر نصر جاوید اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ دینی مدارس دہشت گردی کے اڈے نہیں امن وامان کے قیام کا بہت بڑا ذریعہ ہیں، بیرونی قوتیں جھوٹے پراپیگنڈہ کے ذریعہ مسلمانوں کا مساجدومدارس سے تعلق کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ دشمنان اسلام کی مذموم ہتھکنڈے استعمال کر کے اسلام و پاکستان کے دفاع کی جدوجہد سے روکنے کی کوششیںکامیاب نہیں ہوں گی۔ علماء کرام ملک بچانے اور نفاذ شریعت کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔ فرقہ واریت امت مسلمہ کیلئے زہر قاتل ہے۔ اسے ختم کرکے ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ جامع مسجد طیبہ چیمبر لین روڈ میں تجوید و قرأت کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس کے دوران تجوید وقرأت اور تحفیظ القرآن کے سند فراغت حاصل کرنے والے 85طلباء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ حافظ محمد سعیدنے کہاکہ بیرونی قوتیں نوجوان نسل کودین سے دور کرنے کیلئے بے پناہ وسائل خرچ کر رہی ہیں۔ ان حالا ت میں علماء کرام کی ذمہ داری ہے کہ وہ منبرومحراب کا فریضہ ادا کریں اور قوم کو اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کے مقابلہ کیلئے متحدو بیدار کریں۔