• news

چودھری نثار صرف دن کے وزیر داخلہ ہیں، رات کو دہشت گردی انکی ذمہ داری نہیں: شرجیل

کراچی (آن لائن ) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ چودھری نثار صرف دن کے اوقات کیلئے ملک کے وزیر داخلہ ہیں، اگر دہشت گردی کا کوئی واقعہ رات میں ہو جائے تو ان کی ذمہ داری نہیں ہوتی۔کراچی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا مسلم لیگ (ن) میں کوئی ایک بھی ایسا لیڈر نہیں جو نام لیکر طالبان کو دہشت گرد کہہ سکے۔ وفاقی حکومت نے کبھی سوچا جب وہ طالبان کے حق میں بیان دیتے ہیں اْس وقت ان گھروں میں کیا گزرتی ہے جو طالبان کے حملوں سے متاثر ہوئے ہیں۔ حکومت کے پاس دہشت گردی سے نمٹنے کی کوئی پالیسی نہیں ہے۔ چودھری نثار طالبان کی شان میں قصیدے پڑھتے نہیں تھکتے، واضح رہے سندھ اور وفاقی حکومت کے درمیان حالات چودھری نثار کے بیان کے بعد سے کشیدہ صورت حال اختیار کر گئے ہیں جس میں اْنہوں نے کہا تھا کہ وفاقی حکومت نے 6 بار سکیورٹی الرٹ جاری کیا لیکن صوبائی حکومت حملہ روکنے میں ناکام رہی۔ دوسری جانب سندھ حکومت کا کہنا ہے ملک کے تمام ایئرپورٹس وفاقی حکومت کے زیر اثر آتے ہیں لہذا ان کی سکیورٹی کی ذمہ داری بھی وفاقی حکومت کی بنتی ہے۔ ہم حکومت نہیں اسکی ناکام پالیسیوں کے خلاف ہیں، سندھ کیلئے وفاق کی بے حسی کی انتہا ہو گئی۔
شرجیل میمن

ای پیپر-دی نیشن