مشرف کو باہر بھجوانے میں تعاون کرنیوالا ملک و قوم کے سامنے جوابدہ ہوگا: سعد رفیق
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان، طاہر القادری، چوہدری برادران اور شیخ رشید آمریت کے’’ بلے‘‘ ہیں اور ملک میں جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے لئے نام نہاد گرینڈ الائنس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ اب انہیں آمریت کا دودھ میسر نہیں اس لئے بیچارے مرے جارہے ہیں۔ چوہدری ویسے ہی سیاست میں نیست ونابود ہو چکے ہیں، جمہوریت چوہدریوں کو وارا کھاتی ہے اور نہ ہی عمران خان کو، اچھے خاصے ووٹ لے کر عمران خان قومی اسمبلی میں آگئے ہیں لیکن ان کا ’’ہاضمہ‘‘ ٹھیک نہیں ہے وہ عجلت میں وزیراعظم بننا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا پاکستان آمد پر ایسا استقبال کریں گے اور فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی کہ انہیں کنٹینر میں پناہ نہیں لینا پڑے گی۔ شیخ رشید اب ڈینگیں مارنا بند کریں خرچہ کریں شیخ رشید کی نسبت بد ہے وہ ’’بد نیت اور منہ پھٹ‘‘ آدمی ہیں۔ ریلوے کو یرغمال بنانے پر شیخ رشید کو شرم آنی چاہیے اگر ان کی جماعت کے پاس پیسے اور چندہ نہیں تو جا کر روڈ مارچ کرلیں، شیخ رشید 75 سیٹیں بک کروانے کی بجائے پوری ٹرین بک کروائیں۔ شیخ رشید کو ویسے نوابزادہ نصر اﷲ بننے کا شوق ہے۔ ایک بے ایمان آدمی نوابزادہ نصر اﷲ نہیں بن سکتا۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر سمجھتا ہوں پرویزمشرف کو بیرون ملک جانے میں جو بھی تعاون کرے گا وہ تاریخ اور قوم کے سامنے جوابدہ ہوگا۔ حکومت 15 روز کی مہلت پر غور کر رہی ہے پرویز مشرف کا معاملہ عدالت میں ہے، اس کا فیصلہ آنے والا وقت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سے راولپنڈی تک ریلوے کا سنگل ٹریک ہے اگر شیخ رشید کو ٹرین پر چڑھا دیا جائے تو باقی چار، پانچ سو مسافروں کے حقوق کا تحفظ کون کرے گا؟ اگر شیخ رشید نے ٹرین مارچ کرنا ہے تو ٹرین کی بکنگ کرا لیں۔ بھلے میری طرف سے پنڈی، لاہور کے پھیرے لگاتے رہیں ہر پھیرے کا خرچہ دے دیں اور ٹرین مارچ ہی کرتے رہیں۔ اپنے دور میں شیخ رشید نے ریلوے کو یتیم خانہ بنادیا تھا۔ طاہر القادری نے کہا ہے کہ ہم سے ان کو جان کا خطرہ ہے ہم سے ان کی جان کو نہیں بلکہ طاہر القادری سے پاکستان کے آئین کو اور پاکستان کے جمہوری نظام کو خطرہ ہے وہ شوق سے آئیں ان کا سواگت کیا جائے گا اور ان کو پورا تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ وہ امام انقلاب بننا چاہتے ہیں، پہلے طاہرالقادری اور عمران خان فیصلہ کر لیں لیڈر کون ہو گا۔
سعد رفیق