• news

محکمہ لائیو سٹاک، فشریز، تحفظ جنگلی حیات جنگلات، بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کی سکیموں کے بجٹ میں اضافہ

لاہور (سٹی رپورٹر) حکومت پنجاب نے نئے مالی سال 2014-15 ء میں محکمہ لائیو سٹاک، فشریز، تحفظ جنگلی حیات، جنگلات روڈز اور بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کی ترقیاتی سکیموں کے بجٹ میں اضافہ کر دیا ہے۔محکمہ لائیو سٹاک کی 22 ترقیاتی سکیموں کیلئے 3 ارب 80 کروڑ روپے مختص کیے ہیں جو مالی سال 2013-14 ء کے ترقیاتی بجٹ سے 2 ارب 35 کروڑ 60 لاکھ روپے زائد ہے۔ محکمہ ماہی پروری کی 13 ترقیاتی سکیموں کیلئے 58 کروڑ روپے مختص کیے ہیں جن میں 4 جاری اور 9 نئی ترقیاتی سکیمیں شامل ہیں۔ نئے مالی سال کا بجٹ گزشتہ مالی سال کے بجٹ سے 42 کروڑ 20 لاکھ روپے زائد ہے۔ صوبائی حکومت نے محکمہ تحفظ جنگلی حیات کی 16 ترقیاتی سکیموں کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے ہیں جس میں سے 33 کروڑ 14 لاکھ 36 ہزار روپے 9 جاری سکیموں جبکہ 66 کروڑ 25 لاکھ 64 ہزار روپے 7 نئی ترقیاتی سکیموں کیلئے مختص کیے ہیں۔ محکمہ جنگلات کے ترقیاتی بجٹ میں 59 کروڑ روپے کا اضافہ کر دیا گیا۔ محکمہ بلڈنگ کی 399 ترقیاتی سکیموں کیلئے 8 ارب روپے مختص کیے گئے۔
لائیو سٹاک/ اضافہ

ای پیپر-دی نیشن