• news

شیخ رشید احمد نے ٹرین مارچ کیلئے عوامی ایکسپریس میں 300 سیٹوں کی پیشکش قبول کرلی

راولپنڈی (آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے پاکستان ریلویز راولپنڈی ڈویژن کی جانب سے 20 جون کو راولپنڈی سے چلنے والی عوامی ایکسپریس میں 300 سیٹوں کی پیشکیش قبول کرتے ہوئے کہا ہے پشاور سے لاہور تک مختلف شہروں سے ٹرین مارچ کے شرکاء کی ٹکٹیں حاصل کی جا رہیں ہیں۔ پرامن ٹرین مارچ کے شروع سے اختتام تک کسی بھی قسم کی رکاوٹ ڈالی گئی تو پیدا ہونے والی صورتحال کی ذمہ دار حکومت خود ہوگی، پاکستان ریلوے کسی کی ذاتی ملکیت نہیں ہے، ٹرین مارچ کرنا ہمارا جمہوری حق ہے۔ وہ جمعہ کی سہ پہر لال حویلی کے باہر معززین کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ شیخ رشید نے خطاب کرتے کہا ہمارا پہلے دن سے یہ ہی موقف تھا عوامی مسلم لیگ کا ٹرین مارچ عوامی ایکسپریس کے ذریعے ہی ہوگا۔ انہوں نے ٹرین مارچ کو منی ٹرین مارچ کہنے والے اتنے خوفزدہ ہیں روز خود کئے گئے فیصلے بدل رہے ہیں، کارکنان پشاور، گوجر خان، گوجرانوالہ اور دیگر بڑے شہروں سے ٹرین مارچ کے لئے ٹکٹ حاصل کررہے ہیں۔ ملک میں جاری بجلی، گیس کے بحران، امن امان کی بگڑی ہوئی صورتحال، لاقانونیت، جمہوریت کے نام پر عوام دشمن پالسیوں کے خلاف عوامی مسلم لیگ کا 20جون کا ٹرین مارچ کسی صورت نہیں رکے گا، حکومت نے کسی بھی قسم کی رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو پیدا ہونے والی صورتحال کی خود ہی ذمہ دار ہوگی۔ علاوہ ازیں اسلام آباد آئی این پی کے مطابق شیخ رشید احمد نے کہا ہے ٹرین نہ ملی تو پیدل مارچ کروں گا‘ آپریشن شروع ہوگیا ہے‘ حکومت باقاعدہ اعلان نہیں کرتی‘ ایک دن پیپلزپارٹی نواز شریف کو چھوڑ دے گی‘ پہلا آرمی چیف ہے جس کے گھر میں تین شہادتیں ہوئیں۔ وہ جمعہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کررہے تھے۔
شیخ رشید

ای پیپر-دی نیشن