لاہور سمیت کئی شہروں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، گرمی سے 4 بچے بے ہوش
لاہور (نامہ نگاران) ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ کیساتھ بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے، آٹھ سے بیس گھنٹوں کی بجلی بندش نے لوگوں کو نڈھال کر دیا ہے۔ بڑے شہروں میں چودہ سے 18 جبکہ دیہی علاقوں میں اٹھارہ سے بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ این ٹی ڈی سی حکام کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار تیرہ ہزار سات سو اور طلب انیس ہزار چھ سو میگاواٹ ہے، اسی طرح شارٹ فال چھ ہزار میگاواٹ پر برقرار ہے۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق 18 گھنٹے کی اعلانیہ و غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور وولٹیج میں کمی بیشی نے شہریوں کی زندگی اجیرن کرکے رکھ دی۔ دیہی علاقوں میں 18 سے 20 گھنٹے تک پہنچا گھروں میں پینے کے صاف پانی سمیت دیگر معاملات زندگی بری طرح متاثر ہو کر رہ گئے ہیں۔ لوگ حکومت کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ضلع بھر کے گونگے بہرے افراد کا شہباز چوک ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اپنے حقوق کے تحفظ، بے روزگاری، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ۔ چنیوٹ میں شہر بھر میں وقفہ وقفہ سے بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی لوڈ شیڈنگ کے باعث مختلف علاقوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی۔ شہری حلقوں نے وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے وہ ضلع چنیوٹ میں جاری بجلی کی غٖیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیں۔ ساہوکا میں حاجی شیر فیڈر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ دورانیہ 16تا 18تک جا پہنچا جبکہ بجلی کی بار بار ٹرپنگ شہریوں کیلئے وبال جان بن گئی۔ گجرات شہر اور گرد و نواح میں لوڈشیڈنگ کے باعث ضلع گجرات میں صنعت و تجارت کا پہیہ جام ہوکر رہ گیا۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق گرمی کی شدت کے باعث جمعہ کے روز بھی پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں مزید 4معصوم بچے بیہوش ہوگئے۔ بچوں کا والدین کے ہمراہ پریس کلب کے سامنے شدید احتجاج، محکمہ تعلیم کے واضح احکا مات کے باوجود نارنگ منڈی و گردونواح میں تمام تعلیمی نجی ادارے کھلے ہوئے ہیں اور محکمہ تعلیم کے علم میں ہو نے کے باوجود ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے بتایا پرائیویٹ تعلیمی ادارے 3ماہ کی ایڈوانس فیسوں کی وجہ سے تاحال کھلے ہوئے ہیں اور روزانہ معصوم طلباء بیہوش ہو رہے ہیں انہوں نے حکومت سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
لوڈشیڈنگ