شمالی وزیرستان: طیاروں کی بمباری‘ 150 شدت پسند مارے گئے‘ مرنیوالوں میں کراچی ایئرپورٹ حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت زیادہ تر ازبک باشندے شامل
میرانشاہ (نوائے وقت رپورٹ) شمالی وزیرستان میں دتہ خیل کے علاقے دیگان میں رات گئے جیٹ طیاروں نے بمباری کی جس کے نتیجے میں 150 شدت پسند مارے گئے جن میں زیادہ تعداد ازبک باشندوں کی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق طیاروں نے دہشت گردوں کے 8 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ نجی ٹی وی کے مطابق حملے میں مارے جانے والوں میں کراچی ائرپورٹ حملے کا ماسٹر مائنڈ بھی شامل ہے۔ گذشتہ روز علاقے میں 48 گھنٹے کیلئے کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا۔ حملے میں کمانڈر ابورحمان جو کہ خودکش حملوں کا ماہر تھا، بھی مارا گیا۔ ذرائع کے مطابق مزید بمباری سے ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ اتوار کی رات کو کراچی ائرپورٹ پر اسلامک موومنٹ ازبکستان اور طالبان کے حملے میں 36 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے تھے جس کے بعد پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت نے دہشت گردوں کے خلاف فضائی کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس سلسلے میں دو روز قبل امریکہ کی طرف سے 2 ڈرون حملے بھی کئے گئے جن میں ازبک دہشت گردوں سمیت 16 دہشت گرد مارے گئے تھے۔