• news

طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف مظاہرے جاری، گرمی سے مزید 6 افراد جاں بحق

لاہور+ سٹاف رپورٹر (نامہ نگاران+ ایجنسیاں) طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گذشتہ روز بھی جاری رہا جس کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور بجلی کے بل نذرآتش کئے گئے۔ کئی علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت رہی اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ شدید گرمی کے باعث مزید 6 افراد دم توڑ گئے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز بھی طویل لوڈشیڈنگ پر لوگ سراپا احتجاج بنے رہے جبکہ کاروبار بھی شدید متاثر ہوئے۔ کوٹ مومن سے نامہ نگار کے مطابق لوڈشیڈنگ 18 گھنٹے سے زائد تجاوز کر گئی جبکہ شدید گرمی کے باعث ایک خاتون دم توڑ گئی۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے کیساتھ ہی مختلف علاقوں میں متعدد بجلی کے ٹرانسفارمر ٹرپ کرگئے۔ لاہور میں گرمی کے باعث دو افراد دم توڑ گئے۔ شالیمار کے علاقے بٹ چوک پر نامعلوم معمر شخص اچانک چلتے ہوئے گرکر نیم بیہوش ہوگیا راہگیروں نے اسے ہسپتال پہنچایا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ اکبری منڈی میں محنت کش معمر شخص احسان اچانک کام کرتے ہوئے گرکر جاں بحق ہوگیا۔ متوفی گوجرانوالہ کا رہائشی تھا۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق گرمی کی شدت اور بجلی کی طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری سراپا احتجاج بنے رہے۔ این این آئی کے مطابق مریدکے میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور قیامت خیز گرمی سے تین افراد عبدالغفور، نیامت علی اور ایک نامعلوم مسافر ٹیکسی سٹینڈ کے قریب جاں بحق ہو گئے۔ شدید گرمی کے باعث متعدد افراد بیہوش ہوگئے جبکہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے سے تجاوز کرگیا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شہر میں واپڈا نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔ بجلی سارا سارا دن اور ساری ساری رات بند رہنے لگی۔ کثیر تعداد میں پاور لومز فیکٹریاں اور لوگوں کے کاروبار بند ہوجانے سے سینکڑوں کی تعداد میں مزدور بیروزگار ہوکر رہ گئے۔ مختلف سماجی، کاروباری، تجارتی، مزدور تنظیموں کے علاوہ مذہبی حلقوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حافظ آباد میں بجلی کی طویل اور ریکارڈ لوڈشیڈنگ کا فی الفور نوٹس نہ لیا گیا توشہری ایک بار پھر سڑکو ں پر نکلنے اور واپڈا کے دفاتر کا گھیرائو کرنے پر مجبور ہونگے۔ قلعہ دیدار سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھ گیا۔ لاہور میں 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ گردونواح کے علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے ہے۔ جنوبی پنجاب کے شہری علاقوں میں 14 سے 16 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن