• news

یوکرائن میں روس نواز باغیوں نے طیارہ مار گرایا‘ 49 فوجی ہلاک

کیف (بی بی سی +نیوز ایجنسیاں+رائٹرز+نوائے وقت رپورٹ) یوکرائن میں حکام کا کہنا ہے کہ روس نواز باغیوں نے اس کا ایک فوجی جہاز مار گرایا ہے۔ یوکرائن کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اس کا II-76ٹرانسپورٹ طیارہ مشرقی شہر لوہانسک میں طیارہ شکن گولہ باری کا شکار ہو کر تباہ ہو گیا ہے۔ یہ جہاز فوجی ساز و سامان اور فوجی اہلکاروں کو لے کر جارہا تھا اور یہ شہر کے ہوائی اڈے پر اترنے ہی والا تھا۔ وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے، دہشت گردوں نے جہاز کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ ہوائی اڈے پر اترنے کو تھا۔ وزارت نے بیان میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ لوہانسک یوکرائن کے مشرقی خطے کے ان دو شہروں میں سے ایک ہے جہاں روس نواز علیحدگی پسندوں نے دارالحکومت کیف سے الگ خود مختار ی کا اعلان کر رکھا ہے۔ یوکرائن کی حکومت کی جانب ’’انسداد دہشت گردی‘‘ کے نام سے جاری کارروائی میں گزشتہ دو ماہ کے دوران کم سے کم 270افراد مارے جا چکے ہیں۔ ادھر کیف میں مخالفین نے روسی سفارتخانے پر حملہ کر دیا۔ روسی میڈیا کے مطابق مخالفین نے روس کا جھنڈا اتار لیا اور سفارتخانے میں پینٹ اور انڈے پھینکے۔ توڑ پھوڑ سے سفارتخانے کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

ای پیپر-دی نیشن