پریتی زنٹا کی شکایت نیس واڈیا کی گرفتاری کیلئے چھاپے
بمبئی (نیٹ نیوز) ممبئی پولیس نے فلمی اداکارہ پریتی زنٹا کی طرف سے مقدمہ درج کرائے جانے کے بعد صنعتکار نیس واڈیا کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے۔ پریتی نے نیس واڈیاکیخلاف میرین لائن پولیس سٹیشن میں رپورٹ درج کراتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ انکے سابقہ بوائے فرینڈ اور پارٹنر نیس واڈیا نے آئی پی ایل میچ کے دوران سٹیڈیم میں انکے ساتھ دست درازی اور گالم گلوچ کی اور دھمکیاں بھی دیں۔ پولیس نے نیس واڈیا کیخلاف دفعات 354، 504 اور 509 کے تحت مقدمہ درج کیا جرم ثابت ہونے پر نیس واڈیا کو 5سال تک قید ہو سکتی ہے اور ضمانت دینا نہ دینا عدالت کی مرضی پر منحصر ہوتا ہے۔ ادھر واڈیا نے اپنے خلاف ایف آئی آر درج ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں افسوس ہے، پریتی زنٹا اس حد تک بھی گر سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ پریتی زنٹا اور نیس واڈیا میں کئی سال دوستی اور افیئررہا، یہاں تک بات شادی تک جا پہنچی تھی۔ دونوں کنگز الیون پنجاب کے بھی پارٹنر بن گئے مگر آج کل دونوں میں شدید اختلافات چل رہے ہیں۔ نیس واڈیا ممبئی صنعتکار نسلی واڈیا کے بیٹے ہیں۔