ڈی جی خان، 3 اوباشوں کی اجتماعی زیادتی، شیخوپورہ کی لڑکی جاں بحق
ڈیرہ غازیخان (نوائے وقت رپورٹ) شادی کے جھانسے میں آکر اپنا گھر بار چھوڑنے والی شیخوپورہ کی یاسمین اجتماعی زیادتی کا نشانہ بن کر دم توڑ گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ڈیرہ غازیخان کا رہائشی فیصل اقبال لاہور میں محنت مزدوری کرتا تھا۔ 3 ماہ قبل اسکی موبائل فون پر شیخوپورہ کے علاقے رحمان آباد کی 20 سالہ یاسمین سے دوستی ہوگئی۔ فیصل یاسمین کو شادی کا جھانسہ دیکر ڈیرہ غازیخان لے آیا جہاں گزشتہ شب فیصل، حافظ کمال انور اور شاہد نامی اسکے دو دوست یاسمین کو ہسپتال کالونی کے کوارٹر میں مسلسل اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناتے رہے جس سے لڑکی کی حالت غیر ہوگئی، جس کے بعد فیصل اسے ہسپتال لے آیا جہاں اس نے یاسمین کو اپنی بیوی ظاہر کیا۔ یاسمین کی حالت دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے فوری طور پر اسکا علاج شروع کیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی۔ نوجوان کے بیان میں بارہا تبدیلی اور لڑکی کی حالت دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے پولیس کو طلب کرلیا۔ ابتدائی تفتیش میں ہی نوجوان سے سارا سچ اُگل دیا۔ جس کے بعد اسکے دیگر دو ساتھیوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔