تحریک انصاف کا دھاندلی کیخلاف مہم کو لانگ مارچ میں تبدیل کرنے پر غور
لاہور (جواد آر اعوان/ دی نیشن رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف جس نے ڈی چوک اسلام آباد سے دھاندلی کے خلاف مہم شرع کی تھی وہ اب حکمران جماعت کے حمایتی بیس میں مزید شگاف ڈالنے اور زیادہ سے زیادہ اہداف حاصل کرنے کیلئے اس مہم کو اب لانگ مارچ میں تبدیل کرنے پر غور کر رہی ہے۔ اس حوالے سے ایجنڈا میں مزید ایشوز شامل کئے جائینگے۔ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے ایک سینئر رکن نے دی نیشن کو بتایا کہ پارٹی کی ہائی کمان اس معاملے پر غور کر رہی ہے اور فیصلہ اگست کے آخر تک متوقع ہے۔ عمران خان کی زیرصدارت پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی سربراہ نے کور کمیٹی کے بعض ارکان کی رائے کو بڑی اہمیت دی ہے جس میں حکومتی کشتی میں سوراخ ڈالنے کیلئے اس مہم کو لانگ مارچ میں بدلنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس حوالے سے زیادہ توجہ سیاسی لحاظ سے اہم صوبے پنجاب پر مرکوز کی جائیگی جہاں سے زیادہ سے زیادہ حمایت حاصل کی جائیگی۔ اس حوالے سے پارٹی چیئرمین نے کور کمیٹی کو ہدایت کی کہ اس مہم کو تیزتر کیا جائے، لانگ مارچ کی منزل اسلام آباد ہوگی، عوامی مطالبات پورے ہونے پر ہی اسلام آباد کو چھوڑا جائیگا۔ اس بارے میں تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چودھری نے استفسار پر کیا کہ وہ اس موقع پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے تاہم پی ٹی آئی 10 مزید احتجاجی مظاہرے کریگی۔ یہ مظاہرے 22 جون کو بہاولپور کے مظاہرے کے علاوہ عید کے بعد اگست میں ہونگے۔ اس کے علاوہ صنعتوں، تجارت، انجینئروں، ڈاکٹروں کے نمائندوں سے 5 ملاقاتیں ہونگی۔ (ق) لیگ، پاکستان عوامی تحریک اور دیگر کیخلاف اتحاد کے حوالے سے انہوں نے کہا انکے ساتھ شریک ہونے کا کوئی منصوبہ نہیں۔