پاکستان، بھارت تعلقات بہتر بنانے کیلئے ٹریک ٹو سفارتکاری پھر شروع مذاکراتی عمل امن کی چابی ہے: اعلامیہ
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر بنانے کیلئے ٹریک ٹو سفارتکاری کو ایک مرتبہ پھر متحرک کردیا گیا ہے۔ گزشتہ روزیہاں ایک مقامی فائیو سٹار ہوٹل میں پاکستان اور بھارت کے سفارتکاروں‘ ریٹائرڈ فوجی افسروں اور صحافیوں کا ایک اجلاس ہوا جس میں پاکستان، بھارت تعلقات کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ اجلاس کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں کو دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنا چاہئے۔ دونوں ملکوں کو اقتصادی اور سماجی شعبوں میں تعلقات کو بڑھانا چاہئے۔ اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کا میڈیا دونوں ملکوں میں تعلقات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ مذاکراتی عمل امن کی چابی ہے اور تاجروں اور پیشہ ور حضرات کیلئے ویزوں کے حصول میں آسانی پیدا کی جانی چاہئے۔ اعلامیہ میں یہ مطالبہ کیا گیا کہ بھارت کو کراچی میں اپنا قونصلیٹ کھولنے کی اجازت ملنی چاہئے جبکہ پاکستان کو ممبئی میں اپنا قونصلیٹ قائم کرنے کی اجازت دی جانی چاہئے۔