• news

احتساب عدالت کراچی میں گیلانی، امین فہیم کیخلاف کرپشن کیس کی سماعت کل پرویز اشرف شوکت ترین کیخلاف رینٹل پاور کیس کی سماعت 20 جون کو ہوگی

کراچی+ اسلام آباد (آئی این پی)  کراچی کی احتساب عدالت سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، سابق وفاقی وزیر تجارت مخدوم امین فہیم اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران کے خلاف کرپشن کیس کی کل منگل کو سماعت کریگی۔ ایف آئی اے کی طرف سے ملزمان کی کرپشن کے شواہد پیش کئے جائیں گے، ایف آئی اے نے دو روز قبل اس کیس میں سابق وزیراعظم گیلانی کی گرفتاری کیلئے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ بھی مارا تھا تاہم وہ گھر پر نہ ہونے کی وجہ سے گرفتار نہیں ہو سکے تھے جبکہ ملزم امین فہیم اس وقت بیرون ملک ہیں۔ امین فہیم کی طرف سے عدالت میں پیش ہونے کا کم ہی امکان ہے تاہم یوسف رضا گیلانی نے اعلان کیا ہے کہ وہ  17جون کو احتساب عدالت کراچی میں پیش ہوں گے۔ علاوہ ازیں اسلام آباد کی خصوصی احتساب عدالت رینٹل پاور کیس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سابق وزیر خزانہ شوکت ترین اور سابق سیکرٹری پانی و بجلی شاہد رفیع سمیت 12 ملزمان  کے خلاف مقدمہ کی  20 جون  کو باقاعدہ سماعت کریگی۔ گزشتہ سماعت پر  عدالت نے ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کی تھی  تاہم ملزمان کی طرف سے صحت جرم تسلیم کرنے سے انکار کیا گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن