• news

شمالی وزیرستان میں مرنیوالوں کی اکثریت غیر ملکی ہے، مشرف کا فیصلہ عدالت کریگی: رانا تنویر

مریدکے (نامہ نگار) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں جیٹ طیاروں کی بمباری میں مارے جانیوالوں کی اکثریت کا تعلق دوسرے ملکوں سے ہے۔ مشرف کا فیصلہ عدالتوں کے سپرد ہے جو بھی فیصلہ ہوگا ہمیں قبول ہوگا۔ ناراض خان جلسوں سے وزارت عظمیٰ حاصل نہیں کرسکتے۔ سبھی ادارے اپنے اپنے دائرہ کار میں کام کررہے ہیں۔ اس امر کا اظہار رانا تنویر حسین نے اتوار کے روز سرکاری دورہ نائیجیریا سے واپسی پر کھلی کچہری سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت اور فوج ایک ہی پیج پر ہیں، چند مٹھی بھر عناصر حکومتی رٹ کو چیلنج کئے ہوئے ہیں۔ مذاکرات کرنیوالوں سے مذاکرات ہی ہونگے اور لڑنیوالوں کیخلاف آپریشن۔ انہوں نے کہا کراچی ائرپورٹ پر حملہ میں بھارتی اسلحہ اور ادویات کی برآمدگی کی مکمل تحقیقات ہوں گی۔ اگر بھارت کا ملوث ہونا ثابت ہوگیا تو بھارت سے شدید احتجاج ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اجازت سے جنگ نہیں بلکہ پرامن مذاکرات چاہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن