چودھری نثار سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہوں: شرجیل میمن
کراچی (آئی این پی) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر اور ان کی حکومت کے ہم تہہ دل سے مشکور ہیں کہ انہوں نے پاکستان اور اس کے عوام کی ہر مشکل گھڑی میں مدد کی ہے اور بالخصوص ملک میں آنے والی قدرتی آفات سیلاب، زلزلہ اور دیگر مواقع پر ان کا ہمیشہ تعاون رہا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں ہے۔ سیاسی اور پالیسی اختلافات کو ذاتی اختلافات نہیں بنانا چاہئے۔ ان کی بیماری پر ہمیں نہ صرف تشویش ہے بلکہ میں نے انہیں گلدستہ بھی بھجوایا ہے اور ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’زید بن سلطان النہیان چیرٹیبل اینڈ ہیمونٹیرین فائونڈیشن ‘‘کے تحت صوبہ سندھ اور بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں رہنے والے 3000 سے زائد خاندانوں کو ماہ رمضان کے حوالے سے فی خاندان ایک ماہ کا مفت راشن فراہم کرنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فائونڈیشن کے ڈائریکٹر جنرل عبداللہ خالق الخوری، قائمقام قونصلیٹ جنرل یو اے ای عبید القابی، شیرخان، محمد سلمان اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا سیاسی اور پالیسی اختلافات کا قطعی یہ مقصد نہیں کہ ہم انسانیت کے ناطے ختم کردیں۔ بعد ازاں شرجیل انعام میمن اور فائونڈیشن کے ڈائریکٹر نے سامان سے لدے ٹرکوں کو روانہ کیا۔