• news

امریکہ اور برطانیہ نے شمالی وزیرستان آپریشن کی حمایت کر دی

اسلام آباد+ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) امریکی سفارتخانے نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کی حمایت کر دی ہے۔ امریکی سفارتخانہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہم ہر اس اقدام کی حمایت کریں گے جس سے پاکستان مستحکم ہو۔ نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان نے کہا کہ ضرب عضب آپریشن پاکستانی حکومت کا آپریشن ہے۔ امریکہ پاکستان کے اس عزم کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ دوسری جانب وال سٹریٹ جرنل کے مطابق امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے شمالی وزیرستان آپریشن پر اعتماد میں نہیں لیا۔ امریکی جریدے نے امریکی دفاعی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ پینٹاگون پاکستانی فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان میں شروع کیے جانے والے آپریشن کے فیصلے سے آگاہ نہیں تھا۔ پینٹاگون کے پریس سیکرٹری ریئر ایڈمرل جان کربی کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر حالیہ حملہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کو دہشت گردوں سے خطرات لاحق ہیں  پاکستانی فوج اور حکومت ان خطرات سے بخوبی آگاہ ہیں اور اس کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔ دریں اثنا پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کے ترجمان نے بھی آپریشن ضرب عضب کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، خطرات سے کیسے نمٹنا ہے یہ پاکستانی حکومت پر منحصر ہے۔
حمایت

ای پیپر-دی نیشن