• news

مشرف ای سی ایل کیس : نئے بنچ کیلئے معاملہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کو بھجوا دیا گیا

اسلام آباد + کراچی (نمائندہ نوائے وقت + ایجنسیاں) سپریم کورٹ نے مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے 12جون کے فیصلے کے خلاف وفاق کی درخواست کو سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے نیا بنچ تشکیل دینے کیلئے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا دیا ہے۔ وفاق نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو معطل قرار دینے کی استدعا کی ہے۔ 3 رکنی بنچ نے وفاق کی درخواست پر سماعت کی، مشرف کی وکلاء کی پوری ٹیم عدالت میں موجود تھی۔ اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ نے استدعا کی کہ مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت اسی ہفتے مقرر کی جائے، سندھ ہائیکورٹ میں مشرف کی جانب سے دائر نظرثانی درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔ اس درخواست میں 15 دن سے قبل ہی ملک سے باہر جانے کی استدعا کی گئی ہے۔ اگر نظرثانی درخواست پر کوئی فیصلہ آیا تو سپریم کورٹ میں وفاق کی درخواست غیر موثر ہوجائے گی۔ مشرف بیرون ملک چلے گئے تو واپس نہیں آئیں گے۔ یہ انتہائی اہمیت کا کیس ہے اور عوامی نوعیت کا کیس بنتا ہے اس لئے اس کی جلد سماعت بہت ضروری ہے۔ جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ سندھ ہائیکورٹ کے 15 دن کل تو پورے نہیں ہورہے ان کے لئے تو کسی جگہ کا کیس بھی بہت اہمیت ہوتا ہے۔ آپ نے صرف جلد سماعت کی درخواست دی تھی جو ہم نے سن لی، آپ کی درخواست پہلے سپریم کورٹ آفس میں پراسیس ہوگی پھر معاملہ چیف جسٹس کے پاس جائے گا کیونکہ بنچ کی تشکیل اور کیس کی سماعت کے لئے لگانے کا ان کا ہی اختیار ہے، ان دنوں بنچز اور ججز کی تعداد سپریم کورٹ میں کم ہے۔ دوسری جانب خصوصی عدالت میں مشرف کے خلاف غداری کیس کی سماعت آج 17 جون کو ہوگی جس میں شہادتیں ریکارڈ کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔ سندھ ہائیکورٹ میںمشرف ای سی ایل کیس فیصلے میں ترمیم سے متعلق درخواست کی سماعت 18 جون تک ملتوی کردی گئی ہے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے فیصلے پر نظر ثانی سے متعلق درخواست کی سماعت اپنے چیمبر میں کی۔ سماعت کے دوران بنچ کے دوسرے جج جسٹس شاہنواز طارق کی عدم موجودگی کے باعث کیس کی سماعت 18جون تک ملتوی کردی گئی ہے۔ جبکہ جسٹس محمد علی مظہر نے مذکورہ کیس کی سماعت کے لیے سپیشل بنچ کی تشکیل کے لیے سابق صدر کی جانب سے دائر کردہ درخواست چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو بھجوا دی۔
مشرف ای سی ایل

ای پیپر-دی نیشن