حافظ سعید : اہلسنت کی 30 جماعتوں (ق) لیگ شیعہ‘ علماکونسل نے بھی آپریشن کی حمایت کر دی
لاہور/ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر/ سپیشل رپورٹر/ ایجنسیاں) حافظ سعید، اہلسنت کی 30جماعتوں، (ق) لیگ، شیعہ علماء کونسل، آصف علی زرداری، بلاول زرداری، الطاف حسین نے بھی شمالی وزیرستان آپریشن کی حمایت کر دی۔ سپیشل رپورٹر کے مطابق امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے آپریشن کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا ہے یہ آپریشن صرف ان عناصر کے خلاف ہونا چاہئے جو بیرونی اشاروں پر وطن عزیز کو میدان جنگ بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ محب وطن قبائلیوں کی جان و مال کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچنا چاہئے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا جماعۃ الدعوۃ شروع دن سے طالبان سے مذاکرات کی حامی رہی۔ حکومت اور طالبان کے مابین مذاکرات کی ناکامی کے بعد آپریشن کا ہمیں شدید دکھ اور افسوس ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام منعقد ہونے والے اہلسنّت جماعتوں کے مشترکہ ہنگامی اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے اہلسنّت کی 30 جماعتیں ریاست مخالف دہشت گردوں کے خلاف فوجی آپریشن کی حمایت کرتی ہیں، دہشت گردی کے خلاف جہاد میں پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے۔ اہلسنّت جماعتیں غدارانِ پاکستان کی سرکوبی کی فیصلہ کن جنگ لڑنے والی پاک فوج کے حق میں ملک گیر مہم چلائیں گی، مساجد میں آپریشن کی کامیابی اور ملک کی سلامتی کے لئے دعائیں مانگی جائیں گی اور جمعہ کے اجتماعات میں آپریشن اور پاک فوج کی حمایت میں قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کی جبکہ اجلاس میں سنی اتحاد کونسل، جماعت اہلسنّت، مرکزی جے یو پی، انجمن طلبائے اسلام، پاکستان فلاح پارٹی، مصطفائی تحریک، تحفظ ِ ناموسِ رسالت محاذ، انجمن نوجوانانِ اسلام، سنی علماء بورڈ، مشائخ اہلسنّت کونسل، رُشد الایمان فائونڈیشن، تحریک فروغِ اسلام، سنی تنظیم القرآئ، تاجدارِ ختم ِ نبوّت فائونڈیشن، سپاہِ مصطفی، مرکزی بزمِ مشتاقانِ رسول، نعیمین ایسوسی ایشن، مرکزی مجلس چشتیہ، مصطفائی جسٹس فورم، تحریکِ نفاذ فقہ حنفیہ، انجمن طلباء مدارس عربیہ، سنی یوتھ ونگ، سنی فائونڈیشن اور دیگر جماعتوں کے مرکزی رہنمائوں نے شرکت کی۔ جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا وزیرستان فوجی آپریشن کی مکمل حمایت کرتے ہیں، تمام دینی سیاسی تنظیموں کو مصلحتوں سے بالاترہوکر افواج پاکستان کا ساتھ دینا چاہئے۔ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے فوجی آپریشن کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے قومی خواہشات کا ترجمان اور آئینہ دار قرار دیا ہے۔ وحدت یوتھ کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ہمارا شروع دن سے ہی یہی مطالبہ تھا خارجیوں سے امن کی بھیک نہ مانگی جائے۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق ق لیگ نے مسلح افواج کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے پوری قوم آج بھی دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کی کامیابی کیلئے دعائیں کر رہی ہے۔ پارٹی بیان میں کہا گیا حکومت کا فرض ہے مذاکرات کی طرح اس معاملہ کو مس ہینڈل نہ کرے اور جس طرح پوری قوم مسلح افواج کی کامیابی و کامرانی کیلئے ان کے شبانہ بشانہ کھڑی ہے حکومت بھی پوری سنجیدگی سے اپنی فوج کے ساتھ کھڑی رہے۔ این این آئی کے مطابق ایک بیان میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فوجی آپریشن کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے اور قوم سے اپیل کی مسلح افواج کے پیچھے مضبوطی سے کھڑی ہو جائے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق الطاف حسین نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے کہا آپریشن کا حکومتی فیصلہ خوش آئند ہے، ملکی سلامتی کیلئے فوجی آپریشن کی حمایت کی ہے۔ سیاسی و مذہبی رہنمائوں کو بھی آپریشن کی حمایت کرنی چاہئے۔ رحمان ملک نے کہا دہشت گردوں کے خلاف ایکشن پر آپ کا مئوقف قابل تحسین ہے۔ آن لائن کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان نے فوجی آپریشن کی حمایت کرتے ہوئے کہا جو مذاکرات، آئین و قانون کی بات ماننے کیلئے تیار نہیں تو انکے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہتا۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے پیپلزپارٹی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی حمایت کرتی ہے، وزیراعظم کے قومی اسمبلی میں بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا آپریشن کے دوران نقل مکانی کرنے والوں کے لئے فنڈز قائم کیا جائے۔ ثناء نیوز کے مطابق تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے افواج پاکستان عسا کر اسلام ہیں جو اسلام کا تشخص اور پاکستانی سالمیت بچانے کیلئے میدان عمل میں آ گئی ہیں، پوری قوم دشمن کے سامن عسا کر پاکستان کی پشت پر سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گی۔
سیاسی ردعمل